
ایکنا نیوز- ڈان نیوز کے مطابق شیعہ نمائندہ تنظیم مجلس وحدت مسلمین (ایم ڈبلیو ایم) کے کارکنوں نے ملیر 15 کے علاقے میں گذشتہ رات ڈیڑھ بجے سے دھرنا دے رکھا ہے، جن کا مطالبہ ہے کہ گرفتار کارکنوں کو رہا کیا جائے۔
رپورٹس کے مطابق مظاہرین نے ملیر 15 کے علاقے میں ریل کی پٹڑی پر بھی چڑھنے کی کوشش کی، جنھیں منتشر کرنے کے لیے پولیس کی جانب سے ہوائی فائرنگ اور شیلنگ کی گئی۔
پولیس کی جانب سے مظاہرین سے مذاکرات کی کئی کوششیں ناکام رہیں، تاہم بعدازاں ایئرپورٹ جانے والا ایک ٹریک ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔
یاد رہے کہ گذشتہ روز قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ناظم آباد اور ناگن چورنگی کے علاقے میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران آل پاکستان شیعہ ایکشن کمیٹی کے سربراہ علامہ مرزا یوسف حسین اور اہل سنت والجماعت کے سیکریٹری جنرل تاج حنفی کو حراست میں لیا تھا۔