روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام، جبراً نقل مکانی پر پاکستان کو تشویش

IQNA

روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام، جبراً نقل مکانی پر پاکستان کو تشویش

20:54 - September 03, 2017
خبر کا کوڈ: 3503489
بین الاقوامی گروپ:پاکستان نے روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام اور جبراً نقل مکانی کی رپورٹس پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے میانمار کے حکام سے اقدامات کرنے کا مطالبہ کردیا۔

ایکنا نیوز- ڈان نیوز کے مطابق دفترخارجہ سے جاری ہونے والے بیان میں ترجمان نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ عید الاضحیٰ کے موقع پر پاکستان کو روہنگیا مسلمانوں کے قتل اور نقل مکانی کی رپورٹس پر شدید تحفظات ہیں۔

دفتر خارجہ سے جاری بیان میں مطالبہ کیا گیا کہ میانمار کی حکومت معاملے کی تحقیقات کرائے اور ذمہ داروں کے خلاف ایکشن لینے کے ساتھ ساتھ روہنگیا مسلمانوں کے حقوق کے لیے مناسب اقدامات اٹھائے جائیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان عالمی برادری بالخصوص اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے ساتھ مل کر روہنگیا مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور ان کے حقوق کے مفادات کا تحفظ کرتا رہے گا۔

حال ہی میں سامنے آنے والی رپورٹس کے مطابق میانمار کے شمال مغربی علاقے میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران مختلف کارروائیوں کے دوران 4 سو کے قریب روہنگیا مسلمانوں کو ہلاک کیا جاچکا ہے۔

اقوام متحدہ کے ذرائع کے مطابق میانمار کی ایک ریاست میں فوجی بیس پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد شروع ہونے والی کارروائی کے نتیجے میں 38 ہزار روہنگیا مسلمان بنگلہ دیش کی جانب ہجرت کرچکے ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ اس افسوسناک واقعے پر نام نہاد سعودی اتحاد نے اب تک ایک لفظ تک ادا نہیں کیا ہے۔

نظرات بینندگان
captcha