ایکنا نیوز- ڈان نیوز کے مطابق ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اعتزاز گورایا نے ایف سی حکام کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ کوئٹہ سے کالعدم تنظیم کے اہم دہشت گرد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گرفتار دہشت گرد عبدالرحیم، ٹارگٹ کلنگ اور بم دھماکوں میں ملوث ہے جبکہ اس کی جانب سے کی جانے والی دہشت گردی کی کارروائیوں میں متعدد معصوم افراد ہلاک ہوئے۔
پریس کانفرنس کے دوران ملزم کے اعترافی بیان کی ویڈیو بھی چلائی گئی۔
سی ٹی ڈی کے آفیسر نے بتایا کہ دہشت گرد سے ہینڈ گرینیڈ اور پستول برآمد کی گئی جبکہ دہشت گرد کے دیگر ساتھیوں کی تلاش جاری ہے اور دیگر ملزمان کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔
اعتزاز گورایا کا کہنا تھا کہ دہشت گرد عبدالرحیم کے سر کی قیمت 20 لاکھ روپے مقرر تھی۔
ایک سوال کے جواب میں ڈی آئی جی سی ٹی ڈی کا کہنا تھا کہ کوئٹہ میں صرف ایک کمیونٹی پر حملے نہیں ہورہے، ہزارہ کے علاوہ پولیس، سرکاری عہدیداروں اور مسیحوں کو بھی نشانہ بنایا جارہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ہم سب نے مل کر لڑنی ہے۔
گزشتہ روز پولیس اور فرنٹیئر کور کی جانب سے ضلع مستونگ کے پہاڑی علاقوں اسپلنچی اور قابو میں مشترکہ آپریشن کے دوران کالعدم لشکرِ جھنگوی کا کمانڈر مقصود احمد ہلاک ہو گیا تھا۔
قابل ذکر ہے کہ کویٹہ شہر میں دہشت گردی کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوچکا ہے اور مختلف واقعات میں ہزارہ شیعہ برادری کے متعدد لوگ جان بحق ہوچکے ہیں۔