ایکنا نیوز- ڈان نیوز کے مطابق سیکیورٹی ذرائع نے کہا کہ ایسوسی ایشن کے رہنماؤں کو مبینہ طور پر 'دہشت گرد تنظیموں' کی حمایت کے شبے میں گرفتار کیا گیا۔
فرانسیسی حکام نے کہا کہ ساحلی شہر ڈنکِرک کے نواحی علاقے گرینڈ سینتھے میں واقع 'زہرہ سینٹر' کے خلاف کارروائی دہشت گردی کی روک تھام کے لیے کی گئی۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ کارروائی کے دوران 11 افراد کو گرفتار کیا گیا، جبکہ فرانسیسی انتظامیہ نے یحییٰ گوسمی کے سربراہی میں چلنے والے سینٹر کے مالی اثاثے بھی منجمد کر دیئے۔
ایران سے تعلق رکھنے والے یحییٰ گوسمی کو یہودیوں کے خلاف نقطہ نظر رکھنے کے حوالے سے پہچانا جاتا ہے۔
مبینہ طور پر پولیس کچھ عرصے سے زہرہ سینٹر کی سرگرمیوں پر نظر رکھ رہی تھی کیونکہ اس کے رہنماؤں کی جانب سے کئی دہشت گرد تنظیموں اور تحاریک کی حمایت کی جارہی تھی، جو فرانس کے اقدار کے منافی ہے۔
حکام نے یہ واضح نہیں کیا کہ گرفتار افراد کا جون میں ایران کے اپوزیشن گروپ نیشنل کونسل آف ریزسٹنس آف ایران (این سی آر آئی) کی تقریب میں حملے کی مبینہ منصوبہ بندی سے کوئی تعلق ہے یا نہیں۔