
امام رضا علیہ السلام کے حرم نائب متولی ڈاکٹر مالک رحمتی نے حرم امام رضا(ع) کے علمی وتحقیقی کارناموں کی نمائش کا وزٹ کیا اور اس دوران آستان نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حضرت امام علی رضا(ع) کا سب سے نمایاں اور مشہور لقب ’’عالم آل محمد(ص)‘‘ ہے اس لئے حرم امام علی رضا(ع) سے وابستہ تمام اداروں کو چاہئے کہ وہ علم و دانش اور تحقیقات پر زیادہ توجہ دیں ۔انہوں نے کہا کہ حرم امام علی رضا(ع) کے متولی نے حرم امام رضا(ع) سے وابستہ تمام اداروں کی بلند مدت پالیسیوں میں اس چیز کو مدّ نظر رکھا ہے ۔
نائب متولی مالک رحمتی کا کہنا تھا کہ اس کام کی ذمہ داری حرم امام رضا(ع) کی علمی و دینی آرگنائزیشن پر ہے،یعنی یہ آرگنائزیشن حضرت امام علی رضا(ع) کو ان کی اعلی صفت ’’عالم آل محمد(ص)‘‘ کی بنیاد پر قومی اور بین الاقوامی سطح پر متعارف کرائے۔
نو جوانوں کے فکری شکوک و شبہات کا جواب دینے کے لئے سنجیدہ اقدامات
حرم امام رضا(ع) کے نائب متولی نے علمی و دینی آرگنائزیشن کی ایک اور اہم ذمہ داری کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دور میں دشمن سافٹ وار اور ثقافتی یلغار کے ذریعہ نوجوانوں میں فکری شکوک و شبہات اور ان کے ذہنوں میں انحرافات پیدا کرنا چاہتا ہے لہٰذا نوجوان نسل کی فکری ضروریات پر توجہ دینا اورنوجوانوں کو مناسب جواب فراہم کرنا ایک اہم اور بنیادی موضوع ہے۔
نائب متولی مالک رحمتی کا کہنا تھا کہ اس مسئلے کی اہمیت کو دیکھتے ہوئے، حرم امام رضا(ع) سے وابستہ علمی و دینی آرگنائزیشن، رضوی طرز زندگی اور رضوی سیرت و تعلیمات کو فروغ دینے اورنوجوانوں اور جوانوں میں فکری شکوک و شبہات کو دور کرنے کے لیے سنجیدگی سے قدم اٹھائے گی۔ امید ہے کہ ہم اس موضوع پر مؤثر اقدامات انجام دے سکیں گے ۔