
آستان قدس رضوی کے مطابق الذریۃ النبویۃ ریسرچ انسٹیٹیوٹ کےسربراہ آیت اللہ منذر حکیم نے حرم امام رضا(ع) سے وابستہ اسلامک ریسرچ فاؤنڈیشن کے سربراہ ڈاکٹر احمد فرامرز قرا ملکی سے ملاقات کی اور امام رضا(ع) نیز ایران کے مختلف شہروں میں موجود امام زادوں اور سادات کی برکت سے ایران میں مذہبی اور ثقافتی پیشرفت کا بھی ذکر کیا ۔
انہوں نے کہا کہ اسلامک ریسرچ فاؤنڈیشن نے اپنی علمی و تحقیقی سرگرمیوں میں جو کام سادات کے لئے انجام دئے ہیں اس سے سادات کی تہذیب و تمدن کو اجاگر کرنے میں بہت مدد ملی ہے ۔
الذریۃ النبویہ ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ سادات اور سادات کے شجرہ نسب کے حوالے سےالمصطفی انٹرنیشنل یونیورسٹی کو پوسٹ گریجویشن کی سطح پر چند ایک مضامین کی تجاویز دی ہیں امید ہے کہ مستقبل میں ان مضامین پر کام کیا جائے گا ۔
انہوں نے کہا کہ سادات شناسی کےحوالے سے بہت سارے درسی مطالب مل جائیں گے لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ ابھی تک کوئی نصابی کتاب اس پر تحریر نہیں کی گئی۔حرم امام رضا(ع) سے وابستہ اسلامک ریسرچ فاؤنڈیشن میں درسی مواد اوراس مضمون سے متعلق کتاب لکھنے کی زمین فراہم ہے
، آیت اللہ منذر حکیم کہا کہ سادات کرام کے تہذیبی کردار کو مزید اجاگر کرنے کی ضرورت ہے ، اور اس سلسلے میں عصری تاریخی اور تحقیقی کتابیں بہت زیادہ مددگار ثابت ہو سکتی ہیں ،لیکن اس سے پہلے ہمیں سیادت کے حوالے سے چند ایک عمدہ آثار پر کام کرنا ہوگا۔
آیت اللہ منذر حکیم نے سورہ حجرات کی آیت نمبر13 کی تلاوت کرتے ہوئے کہا کہ کہ اس آیت شریفہ میں یہ بیان ہوا ہے کہ’’ اے لوگو! ہم نے تم سب کو ایک مرد اور عورت سے خلق کیا اور پھر تمہیں قوموں اور قبیلوں میں تقسیم کر دیا تاکہ تم ایک دوسرے کو پہچان سکو،یقیناً اللہ کے نزدیک تم میں سب سے زیادہ عزت والا وہ ہے جو تم میں سب سے زیادہ متقی ہوبیشک خداوند متعال سب کچھ جاننے والا اور با خبر ہے‘‘ انہوں نے کہا کہ سادات کے تہذیبی کردار سے ہرگز غفلت نہ برتی جائے ۔
اس ملاقات کے دوران حرم امام رضا(ع) سے وابستہ اسلامک ریسرچ فاؤنڈیشن کے سربراہ احد فرامرز قراملکی نے اس علمی مرکز کی36 سالہ علمی و تحقیقی سرگرمیوں کی کا رکردگی کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ محققین اور اسکالرز کے تعاون سے اس تحقیقی سینٹر میں بہت عمدہ کام انجام دیا گیا ہے ۔
ڈاکٹر احمد فرامرز قراملکی نے کہا کہ اس فاؤنڈیشن کے سادات گروپ کی علمی صلاحیت اس قدر زیادہ ہے کہ ملکی سطح پر عدلیہ اورآئمہ جمعہ و جماعت ؛ سادات کی تشخیص کے لئے اس گروپ کی طرف رجوع کرتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ سادات کے حوالے سے علمی مطالعات کو بین الاقوامی سطح پر لانے کے لئے فاؤنڈیشن میں بات چیت جاری ہے ،سادات اور سادات کی نسب شناسی کے حوالے سے پوسٹ گریجو یشن کی سطح پر تعلیم دینے سے ؛ریسرچ کو منظم کیا جا سکتا ہے اور اس سے علمی وسائل کو فروغ ملے گا۔
اسلامک ریسرچ فاؤنڈیشن کے سربراہ نے کہا کہ انساب کے مطالعے اور تحقیقات کے طریقہ کار،انساب میں سماجیات اورسادات خاندان کے افکارکےمعاشرے پر اثرات وغیرہ ایسے موضوعات ہیں جن کے لئے باقاعدہ پلاننگ کی جائے تاکہ عالمی سطح پر ان کو رواج دیا جاسکے
انہوں نے کہا کہ الذریۃ النبویۃ ریسرچ انسٹیٹیوٹ اور اسلامک ریسرچ فاؤنڈیشن کے مابین تعاون میں کوئی بھی رکاوٹ نہیں ہے ہمارا اصل ہدف تحقیقی کاموں اور ان کی اشاعت اور فروغ دینے میں تعاون اور مشارکت ہے ۔ اور اس لیے ہم نے مزید مطالعہ کے لیے علیحدہ سے ایک ادارہ بنایا ہے۔
قراملکی نے کہا کہ باہمی تعاون کو باقاعدہ سمجھوتے کی صورت میں طے کیا جائے تاکہ آئندہ کے لئے بھی کام کا راستہ کھلا رہے ، ہمارا اصلی ہدف یہ ہے کہ تمام علمی مراکز کے ساتھ تعلقات اور تعاون کو برقرار رکھا جائے۔