
ڈیلی پاکستان نیوز کے مطابق پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے بتایا کہ مغربی بارڈر پر 2021 میں صورتحال تشویشناک رہی، اس سال شمالی وزیرستان میں آپریشن کیا گیا، افغانستان سے غیر ملکی افواج کے انخلا کے اثرات پاکستان کی سیکیورٹی پر پڑے، بارڈر مینجمنٹ کے تحت پاک افغان بارڈ پر باڑ لگانے کا کام 94فیصد مکمل ہوچکا ہے.
انہوں نے بتایا کہ ایک سے دوسری پوسٹ کے درمیان 7سے 8کلومیٹر کا فاصلہ ہے، باڑ لگانے کا مقصد دونوں اطراف کے لوگوں کو محفوظ بنانا ہے، اس باڑ کو لگانے میں ہمارے شہدا کا خون شامل ہے، یہ امن کی باڑ ہے اور یہ ضرور مکمل ہوگی، پاکستان افغانستان حکومتی سطح پر دونوں طرف ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔
میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا تھاکہ افغانستان کی موجودہ صورتحال سنگین انسانی المیہ کے جنم دے سکتی ہے، افغانستان کی صورتحال کا اثر پاکستان پر بھی پڑسکتا ہے، پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے دہشت گرد تنظیموں کا صفایا کیا، انٹیلی جنس ایجنسیوں نے 890تھریٹ الرٹ جاری کیے، 70فیصد ممکنہ دہشتگردی کے واقعات کو روکنے میں مدد حاصل ہوئی./