
ایکنا - المیادین نیوز مطابق اسرائیلی میڈیا نے اعلان کیا کہ آسٹریلیا نے یروشلم کو اس حکومت کا دارالحکومت تسلیم کرنے سے دستبرداری اختیار کر لی ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق صیہونی حکومت کے ذرائع ابلاغ نے انگریزی اخبار گارجین کا حوالہ دیتے ہوئے اس خبر کا اعلان کرتے ہوئے مزید کہا: آسٹریلیا کی وزارت خارجہ کی ویب سائٹ نے بیت المقدس کو اسرائیل کے دارالحکومت کے طور پر تسلیم کرنے کے بارے میں اس ملک کے سابق وزیراعظم کے بیانات اس کے پورٹل سے ہٹا دیا ہے۔
یہ خبر ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب آسٹریلیا نے پہلے اعلان کیا تھا کہ وہ تل ابیب کے بجائے یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرے گا۔
دسمبر 2018 کے وسط میں آسٹریلیا کے سابق وزیر اعظم سکاٹ موریسن نے ایک تقریر میں اعلان کیا کہ وہ یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے اور اس شہر میں آسٹریلوی سفارت خانے کی ممکنہ منتقلی کے بارے میں سوچ رہے ہیں۔ ساتھ ہی موریسن نے کہا کہ ان کے ملک کے سفارت خانے کی تل ابیب سے یروشلم منتقلی کا انحصار اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان امن عمل کے نتائج پر ہوگا۔
واضح رہے کہ آسٹریلوی اپوزیشن کے نمائندوں نے موریسن کے اس فیصلے کے رد عمل میں کہا تھا کہ اس اقدام سے وہ اس ملک کے اہم اتحادی کے طور پر امریکہ سے مزید حمایت حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ اگلے انتخابات میں اپنے ملک کے یہودی شہریوں کے ووٹ حاصل کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔
سکاٹ موریسن نے 2018 سے 2022 تک آسٹریلیا کے 30 ویں وزیر اعظم کے طور پر خدمات انجام دیں اور پھر ان کی جگہ اس ملک کے موجودہ وزیر اعظم انتھونی البانی نے لے لی۔