ایکنا نیوز کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی پاکستان راجہ پرویز اشرف نے یوم نوروز اور ایران کے 1402ویں سال کے آغاز پر ایران کی حکومت اور عوام کو مبارکباد دیتے ہوے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کے دوستانہ اور برادرانہ تعلقات دائیوں پر محیط ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران نے ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا اور ایران نے ہر بین الاقوامی پلیٹ فارم پر پاکستان کی حمایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جشن نوروز کی خوشی کی اس گھڑی میں پاکستانی پارلیمنٹ اور عوام اپنے ایرانی بھائیوں کے ساتھ برابر کی شریک ہیں۔
سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ جشن نوروز کو کئی صدیوں سے وسطی ایشیا سے لیکر بلقان تک جیسے وسیع و عریض علاقے میں جوش و خروش کیساتھ منایا جاتا ہے۔یہ موسم بہار کی آمد اور قدرت کی بیداری کا جشن ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ جشن آپس میں بھائی چارے، محبت اور پیار کو فروغ دے گا۔سپیکر نے کہا کہ پاکستان ہر دکھ اور سکھ کی گھڑی میں اپنے ایرانی بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے اور تمام علاقائی اور عالمی سطح پر ان کی حمایت جاری رکھے گا۔