مقاومت امریکی و صہیونی رژیم کے مقابل پورے ملک کا دفاع کرے گی

IQNA

لبنانی شیعہ کونسل:

مقاومت امریکی و صہیونی رژیم کے مقابل پورے ملک کا دفاع کرے گی

6:22 - June 25, 2026
خبر کا کوڈ: 3520365
ایکنا: لبنان کی شیعہ سپریم اسلامی کونسل کے نائب صدر نے کہا ہے کہ مزاحمت پورے لبنان کی حامی اور محافظ ہے اور یہ جان لیں کہ مزاحمت کے دشمن کبھی بھی اپنے مقاصد حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوئے۔

ایکنا نیوز- العہد نیوز کے مطابق لبنان کی شیعہ سپریم اسلامی کونسل کے نائب صدر شیخ علی خطیب نے مزاحمت کے مخالفین سے کہا کہ وہ تاریخ سے سبق سیکھیں، کیونکہ ماضی میں بھی مزاحمت کے دشمن اپنے اہداف تک نہیں پہنچ سکے تھے۔ انہوں نے زور دیا کہ مزاحمت امریکی- صہیونی منصوبے کے مقابلے میں پورے لبنان کا دفاع کر رہی ہے۔

عاشورائی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے شیخ علی خطیب نے کہا: ہمارے عزیز عوام نے نہ صرف ان مجالس، تقاریر اور امام حسینؑ کی حیاتِ مبارکہ اور واقعۂ کربلا سے متعلق گفتگوؤں کے ذریعے عاشورا کو زندہ رکھا، بلکہ ہمارے جنوبی علاقوں، بقاع کی وادی اور ضاحیہ کے محاذوں پر بھی عاشورا کی روح کو زندہ کیا ہے۔ انہوں نے وہ عظیم شجاعت دکھائی جو عاشورا اور کربلا کی عملی تربیت کا ثمر ہے۔

انہوں نے مزید کہا: ہمارے مردوں میں سے بعض نے اپنی جانیں قربان کیں، جبکہ بعض نے اپنے بیٹوں، شریکِ حیات اور حتیٰ کہ اپنے بچوں کو قربان کیا۔ اسی طرح وہ مائیں بھی ہیں جنہوں نے اپنے بیٹوں کو راہِ قربانی میں پیش کیا۔ انہوں نے عاشورا جیسا منظر دوبارہ رقم کیا؛ ایک ماں اپنے بیٹوں کو دشمن کے خلاف جنگ کے لیے روانہ کرتی ہے، ایک عورت اپنے شوہر کو میدانِ جنگ میں بھیجتی ہے اور پھر جبل عامل کی پہاڑیوں پر اپنے بیٹوں کی شہادت دیکھتی ہے۔ یہ دراصل کربلا کی تجدید اور بازآفرینی ہے۔

علی خطیب نے مزید کہا: اسی طرح آپ اور ہمارے عوام نے ایک نئے عاشورا کو مجسم کیا ہے۔ یہ قیادت کی اہمیت کا نتیجہ ہے، ایسی قیادت جس نے کربلا کے بعد کے مرحلے کے لیے بھی منصوبہ بندی کی تھی۔ امام حسینؑ، ائمہ اہل بیتؑ اور حضرت زینبؑ اس معرکے میں وارد ہوئے، انہوں نے اس کی منصوبہ بندی کی اور اس کے تسلسل کو یقینی بنایا۔ کربلا کی جنگ نہ زمان و مکان تک محدود تھی اور نہ ہی کسی خاص مقصد تک؛ اس کا ہدف اس وقت تک جاری رہے گا جب تک یہ دین اور یہ امت باقی ہے۔

اپنی تقریر کے ایک اور حصے میں انہوں نے کہا: جنوبی لبنان کو اسرائیل نے تباہ نہیں کیا، بلکہ وہ شخص جس نے جنوبی لبنان کو تباہ کیا اور اب اپنی ذمہ داری سے بچنے کی کوشش کر رہا ہے، امریکہ کا صدر ٹرمپ ہے، جس نے اسرائیلی دشمن کو قتل و غارت، تباہی اور ویرانی کے تمام وسائل فراہم کیے۔ جس نے میڈیا اور قانونی سطح پر اسرائیل کی حمایت کی، اور جس نے ہمیں اور ہماری اولاد کو قتل کیا، وہ امریکہ اور لبنان میں اس کے اتحادی ہیں۔ یہی وہ لوگ ہیں جنہوں نے موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے دلوں کی بات ظاہر کی، اپنے اندر موجود نفرت کو آشکار کیا اور اس سرزمین کے عوام کے خلاف زبان اور عمل کے ذریعے حملے کیے۔/

 

4360201

نظرات بینندگان
captcha