کربلاء؛ عاشورا میں سیکورٹی کے لیے دو ہزار کیمرے نصب

IQNA

کربلاء؛ عاشورا میں سیکورٹی کے لیے دو ہزار کیمرے نصب

8:48 - June 24, 2026
خبر کا کوڈ: 3520361
ایکنا: حضرت عباسؑ کے روضہ مبارک کے شعبۂ مواصلات کے مطابق تاسوعا اور عاشورا کے ایام کے لیے خصوصی سکیورٹی منصوبے کے تحت تقریباً دو ہزار اسمارٹ کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔

ایکنا نیوز- روضۂ مقدس عباسی کے شعبۂ مواصلات و اطلاعاتی سلامتی نے بتایا کہ کربلائے معلیٰ میں دسویں محرم کے یومِ زیارت اور عزاداری کے مشہور جلوس «رکضة طویریج» کے موقع پر سکیورٹی اور خدماتی منصوبے کے تحت تقریباً دو ہزار جدید اسمارٹ کیمرے فعال کیے گئے ہیں۔

اس شعبے کے ذمہ دار انجینئر محمد رعد العصفور نے کہا کہ فنی عملے نے کافی عرصہ قبل ہی حضرت امام حسینؑ اور حضرت ابوالفضل العباسؑ کے زائرین کے استقبال کے لیے تیاریوں کا آغاز کر دیا تھا۔ ان اقدامات میں نگرانی کے نظام کے بنیادی ڈھانچے کی تیاری، حرمِ مطہر کے اندر اور باہر نصب کیمروں کی فنی جانچ اور دیکھ بھال، نیز شہر کی سڑکوں اور اطرافی علاقوں میں موجود نگرانی کے آلات کی مرمت شامل ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان اقدامات کا مقصد عاشورا کی زیارت اور «رکضة طویریج» کے دوران ہجوم اور زائرین کی تعداد کی فوری اور مسلسل نگرانی کرنا ہے تاکہ کسی بھی قسم کے غیر معمولی ازدحام یا ہنگامی صورتحال کی صورت میں متعلقہ ادارے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے زائرین کی رہنمائی اور ہجوم کی مناسب تقسیم کو یقینی بنا سکیں۔

العصفور نے بتایا کہ نگرانی کے اس وسیع نظام میں تقریباً دو ہزار ثابت اور متحرک کیمرے شامل ہیں جو کربلا کے قدیم شہر اور اس کے گرد و نواح میں نصب کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ چہرہ شناس (Face Recognition) کیمرے، زائرین کی گنتی کرنے والے کیمرے اور حرارتی (Thermal) کیمرے بھی اس منصوبے کا حصہ ہیں۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ یہ تمام آلات جدید ترین مصنوعی ذہانت (AI) سے تقویت یافتہ نظاموں سے لیس ہیں، جو سکیورٹی کے معیار کو بہتر بنانے، ہجوم کے مؤثر انتظام اور زائرین کو بہتر خدمات فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

یہ اقدامات روضۂ مقدس عباسی کے جامع سکیورٹی و خدماتی منصوبے کا حصہ ہیں، جس کا مقصد مراسمِ عاشورائے حسینی کو زیادہ منظم، شاندار اور محفوظ انداز میں منعقد کرنا، زائرین کی سلامتی کو یقینی بنانا اور عزاداری کی رسومات کے پرامن انعقاد کو ممکن بنانا ہے۔//

 

4359827

نظرات بینندگان
captcha