ایکنا نیوز- مڈل ایسٹ مانیٹر کے حوالے سے رپورٹ دی گئی ہے کہ امریکی اسلامی تعلقات کونسل (CAIR) نے نیویارک ریاستی سینیٹ کی ایک نئی قرارداد کا خیرمقدم کیا ہے، جس میں یکم فروری 2025 (کو عالمی یوم حجاب کے طور پر باضابطہ طور پر تسلیم کیا گیا ہے۔
یہ قرارداد سینیٹر روکسان پرساود کی جانب سے مذہبی رواداری، ثقافتی تفہیم، اور بین الاقوامی یکجہتی کے فروغ کے مقصد سے پیش کی گئی تھی۔
CAIR نے ایک بیان میں کہا: "عالمی یوم حجاب، جو اب اپنے بارہویں سال میں ہے، دقیانوسی تصورات کے خاتمے، اسلامی حجاب کو سمجھنے کے فروغ، اور ان خواتین کی حمایت کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے جو اپنے انتخاب سے حجاب پہنتی ہیں۔"
نیویارک میں CAIR کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر، عفاف ناشر نے کہا: "یہ قرارداد نیویارک میں مذہبی اور ثقافتی تنوع کو تسلیم کرنے کی عکاسی کرتی ہے۔ عالمی یوم حجاب ایک اہم موقع ہے، جو باحجاب خواتین کی آواز کو تقویت دیتا ہے اور اس تعصب و امتیازی سلوک کے خلاف لڑنے میں مدد دیتا ہے جس کا انہیں اکثر سامنا ہوتا ہے۔"
انہوں نے مزید کہا: "ہم سینیٹر روکسان جی. پرساود کے شکر گزار ہیں، جنہوں نے اس قرارداد کی حمایت اور اسے آگے بڑھانے میں کردار ادا کیا۔"
یہ دن 2013 میں ناظمہ خان نے متعارف کرایا تھا تاکہ مذہبی رواداری اور ثقافتی تفہیم کو فروغ دیا جا سکے۔ اس موقع پر مختلف پس منظر رکھنے والی خواتین کو ایک دن کے لیے حجاب آزمانے کا موقع دیا جاتا ہے۔
ناظمہ خان کا کہنا ہے: "میں نے عالمی یوم حجاب 2013 میں متعارف کرایا کیونکہ میں خود حجاب پہننے کی وجہ سے امتیازی سلوک کا شکار ہوئی تھی۔ میں چاہتی تھی کہ مختلف مذاہب اور نسلوں کی خواتین صرف ایک دن کے لیے حجاب پہنیں تاکہ آگاہی میں اضافہ ہو اور حجاب کو معمول بنایا جا سکے۔ مسلمان خواتین اس دن کو لوگوں کو تعلیم دینے کے لیے استعمال کرتی ہیں۔"
انہوں نے مزید کہا: "دنیا بھر میں خواتین کے جسم اور ان کے حجاب کو کڑی نگرانی میں رکھا جاتا ہے۔ میں چاہتی ہوں کہ لوگ جانیں کہ بہت سی مسلمان خواتین حجاب کو اپنے ایمان اور خدا کے ساتھ روحانی و جسمانی تعلق کی علامت کے طور پر منتخب کرتی ہیں۔"
"یہ میرا اپنا انتخاب ہے اور میں اس پر مکمل طور پر مطمئن ہوں۔ جب میں حجاب پہنتی ہوں، تو مجھے طاقت کا احساس ہوتا ہے۔ میں اسلام کی سفیر ہوں، اور یہ ایک بڑی ذمہ داری ہے کہ میں اپنے خوبصورت دین کو صحیح طریقے سے پیش کروں۔ مجھے فخر ہے کہ مجھے یہ اعزاز حاصل ہوا۔/
4263046