ایکنا نیوز- الجزیرہ نیوز کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے بھاری اکثریت سے فرانس اور سعودی عرب کی پیش کردہ قرارداد کے مسودے کو منظور کرلیا، جس میں فلسطین کے مسئلے کے پُرامن حل اور دو ریاستی فارمولے کے نفاذ کی تائید و حمایت کی گئی ہے۔
یہ قرارداد 142 ووٹوں کے حق میں، 12 کے مخالفت میں اور 10 کے غیر حاضر (ممتنع) ووٹوں کے ساتھ منظور کی گئی۔
قرارداد کے متن میں غزہ میں نہتے شہریوں، شہری تنصیبات پر صہیونی ریاست کے حملوں، محاصرے اور قحط کو مذموم قرار دیا گیا ہے۔ ساتھ ہی اس پر زور دیا گیا کہ فلسطین میں دو ریاستی حل کو دوبارہ زندہ کیا جائے، لیکن اس فارمولے کو حماس کی موجودگی کے بغیر نافذ کیا جائے — حالانکہ غزہ میں دو ملین سے زائد افراد کی عوامی حمایت حماس کو حاصل ہے۔
قرارداد میں مزید کہا گیا کہ غزہ کی پٹی میں جنگ کا فی الفور خاتمہ ہونا چاہیے۔
یہ ووٹنگ جنرل اسمبلی کے آئندہ اجلاس سے قبل منعقد ہوئی، جو 22 ستمبر کو نیویارک میں ریاض اور پیرس کی مشترکہ صدارت میں ہوگا۔ اس اجلاس میں فرانس کے صدر امانوئل میکرون نے وعدہ کیا ہے کہ وہ باضابطہ طور پر فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کریں گے۔/
4304644