
ایکنا نیوز- خبر رساں ادارے فلسطین الیوم کے مطابق شیخ عکرمہ صبری نے کہا کہ مسجدِ اقصیٰ میں مسلمانوں پر عائد کی جانے والی پابندیاں، جو صہیونی رژیم کے وزیرِ داخلی سلامتی ایتمار بن گویر کی جانب سے شروع کی گئی ہیں، درحقیقت ماہِ مبارک رمضان سے قبل اس مقدس مقام کی موجودہ حیثیت کو تبدیل کرنے کی ایک منظم کوشش ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ یہ پابندیاں مسجدِ اقصیٰ کی قانونی حیثیت میں تبدیلی کی ایک کھلی کوشش ہیں۔
خطیبِ مسجدِ اقصیٰ اس سے قبل بھی ایک بیان میں صہیونی رژیم کی جانب سے اس مقدس مقام پر بے مثال اور منظم جارحیت میں اضافے کے بارے میں خبردار کر چکے ہیں اور اس بات پر زور دیا تھا کہ قابض حکام جنگی حالات کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے مسجدِ اقصیٰ کی زمانی اور مکانی تقسیم کے منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے آخری مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں۔
اس بیان میں شیخ صبری نے مسجدِ اقصیٰ کی روزانہ بے حرمتی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہودی آبادکاروں کے مسجدِ اقصیٰ کے صحنوں پر حملوں میں غیر معمولی اضافہ ہو چکا ہے۔ یہ کارروائیاں اب انفرادی یا وقتی نہیں رہیں بلکہ روزانہ کی بنیاد پر، صہیونی رژیم کی سرکاری اور فوجی سرپرستی میں انجام دی جا رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ قابض حکام جھوٹے مذہبی بہانوں اور من گھڑت تہواروں کے ذریعے ان یورشوں کو ایک سرکاری لبادہ فراہم کر رہے ہیں تاکہ عالمی رائے عامہ کو گمراہ کیا جا سکے۔
بیان کے ایک اور حصے میں خطیبِ مسجدِ اقصیٰ نے زیرِ زمین کھدائیوں کے نہایت حساس مسئلے کی طرف توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ مسجد کے احاطے کے نیچے اور سلوان کے علاقے کی سمت کھدائی کا عمل پہلے سے کہیں زیادہ شدت کے ساتھ جاری ہے، جو مسجدِ اقصیٰ کی بنیادوں اور ساخت کے لیے براہِ راست اور سنگین خطرہ ہے۔
انہوں نے قبرستان بابُ الرحمہ پر مسلسل قبضے کی کوششوں کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ قابض قوتیں اس مقام کے بعض حصوں کو اندرونی اور بیرونی کنیساؤں (یہودی عبادت گاہوں) میں تبدیل کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔
شیخ عکرمہ صبری نے زور دیا کہ صہیونی رژیم عالمی توجہ کے جنگ پر مرکوز ہونے اور اپنی کابینہ و کنیسٹ میں موجود انتہاپسند عناصر کی موجودگی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مسجدِ اقصیٰ سے اسلامی حاکمیت سلب کرنے کے اپنے پرانے منصوبے کو حتمی شکل دینا چاہتی ہے۔
انہوں نے مسجد کے داخلی دروازوں پر نمازیوں اور محافظوں کی بڑے پیمانے پر گرفتاریاں کو اسی دباؤ کی پالیسی کا حصہ قرار دیا۔
آخر میں خطیبِ مسجدِ اقصیٰ نے ان اقدامات کے تباہ کن نتائج سے خبردار کیا اور امتِ مسلمہ سے فوری اور مؤثر کردار ادا کرنے کی اپیل کی تاکہ ان ناپاک سازشوں کا مقابلہ کیا جا سکے۔/
4331281