
ایکنا نیوز- حج و زیارت کے اطلاع رساں مرکز کے حوالے سے جدہ ایئرپورٹ میں حج آپریشنز کے ذمہ دار شیرزاد پوشپاس نے ایرانی حجاج کی واپسی کے عمل کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ ہفتے سے سے شروع ہونے والے واپسی آپریشن کے دوران اب تک جدہ ایئرپورٹ سے 47 پروازیں روانہ ہو چکی ہیں، جن کے ذریعے تقریباً 10 ہزار 850 حجاج بیت اللہ الحرام اپنے وطن واپس پہنچ چکے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ حالیہ دنوں میں نافذ کیے گئے اہم اقدامات میں سے ایک "بغیر سامان کے ایئرپورٹ منتقلی" کا منصوبہ ہے۔ یہ منصوبہ حج و زیارت تنظیم کے حکام کی معاونت سے عملی شکل اختیار کر سکا، جس کے تحت حجاج کے بورڈنگ پاس اور ضروری سفری دستاویزات مکہ مکرمہ ہی میں جاری کرکے ان کے حوالے کر دی جاتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس طریقہ کار کے مطابق حجاج کو ایئرپورٹ پہنچنے پر چیک اِن کاؤنٹر، سامان جمع کرانے یا بورڈنگ پاس حاصل کرنے کے مراحل سے گزرنے کی ضرورت نہیں رہتی، بلکہ وہ براہِ راست پاسپورٹ کنٹرول گیٹ کی جانب روانہ ہو جاتے ہیں۔ یہ سہولت بالخصوص عمر رسیدہ حجاج اور ان افراد کے لیے نہایت مفید ثابت ہوئی ہے جو طویل قطاروں میں کھڑے رہنے سے قاصر ہوتے ہیں۔
شیرزاد پوشپاس نے مزید کہا کہ طے شدہ پروگرام کے مطابق جدہ ایئرپورٹ سے حجاج کی واپسی کی آخری پرواز ہفتے کے اخری دن کی صبح روانہ ہوگی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ تمام حجاج کرام مکمل صحت و سلامتی کے ساتھ اپنے اہل خانہ اور وطن واپس پہنچیں گے۔/
4356485