ایکنا نیوز- الوفاق نیوز کے مطابق حضرت امام حسینؑ کے ایامِ سوگ کے آغاز کے ساتھ ہی بحرینی ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ بحرینی حکومت نے عزاداریِ حسینی کی مختلف سرگرمیوں پر پابندیاں عائد کر دی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق آل خلیفہ حکومت نے شیعہ برادری کے خلاف اپنی پالیسیوں کے تسلسل میں شہر حمد کے شہریوں کو سالانہ منعقد ہونے والے جلوسہائے عزاداری میں شرکت سے روک دیا ہے۔
بعض ذرائع ابلاغ نے یہ بھی اطلاع دی ہے کہ مسلسل چوتھے روز بھی عزاداریِ حسینی کے پروگراموں پر پابندی برقرار رکھی گئی ہے۔
دوسری جانب بحرین کے علماء نے گزشتہ روز ایک مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے شیعہ مسلمانوں کو نشانہ بنانے اور ان پر عائد کی جانے والی پابندیوں کے بارے میں خبردار کیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ بحرینی حکومت نے ایک ظالمانہ اور اشتعال انگیز اقدام کے تحت عاشورا اور ماہِ محرم الحرام کے آغاز کے ساتھ ہی بعض خطباء، ذاکرین اور نوحہ خواں حضرات کو اپنے دینی فرائض کی ادائیگی اور شعائرِ حسینی کے احیاء سے روک دیا ہے۔
علماء کے مطابق یہ اقدام مذہبی آزادی کی صریح خلاف ورزی، آئین سے متصادم اور مؤمنین کے ان بنیادی حقوق کی نفی ہے جن کے تحت وہ اپنے فقہی عقائد اور مذہبی تعلیمات کے مطابق اپنے دینی شعائر ادا کرنے کا حق رکھتے ہیں۔/
4359443