ایکنا نیوز- عین نیوز کے حوالے سے رپورٹ کیا گیا ہے کہ یہ مقابلے 23 صفر سے 6 ربیع الاول 1448ھ تک منعقد ہوں گے۔ اس سال 133 ممالک کی نمائندگی کرتے ہوئے 334 مرد و خواتین نے ان مقابلوں میں شرکت کے لیے رجسٹریشن کرائی ہے۔
شرکاء کی یہ تعداد ایک تاریخی ریکارڈ ہے اور مقابلوں کی تاریخ میں پہلی بار اتنی بڑی تعداد میں امیدوار شریک ہو رہے ہیں۔
اس بین الاقوامی قرآنی مقابلے کے انعقاد کے مقاصد میں مسلمان نوجوانوں کو قرآنِ کریم حفظ کرنے، اس میں تدبر اور اس کے فہم کی طرف راغب کرنا، حفاظِ قرآن کے درمیان مثبت اور صحت مند مسابقت کو فروغ دینا، نئی نسل کو قرآنِ کریم سے جوڑنا، اور قرآنِ مجید اور تعلیماتِ وحی کی خدمت میں سعودی عرب کی کوششوں کو اجاگر کرنا شامل ہے۔
اس سال ان مقابلوں کے لیے ایک کروڑ چھبیس ہزار (10,026,000) سعودی ریال کے انعامات مختص کیے گئے ہیں، جو اب تک کی سب سے بڑی انعامی رقم ہے۔ مقابلے پانچ شعبوں پر مشتمل ہوں گے:
سات متواتر قراءات کے ساتھ مکمل قرآنِ کریم کا حفظ؛
مکمل قرآنِ کریم کا حفظ، قرآن کے الفاظ کی تفسیر کے ساتھ؛
مکمل قرآنِ کریم کا حفظ؛
پندرہ پاروں کا حفظ؛
مسلسل پانچ پاروں کا حفظ۔
مردوں کے مقابلوں کا فائنل مرحلہ اور اختتامی تقریب مسجد الحرام میں منعقد ہوگی، جبکہ خواتین کے مقابلے اور ان کی اختتامی تقریب مکہ مکرمہ کے ہلٹن ہوٹل کے کانفرنس ہال میں منعقد کی جائے گی۔
یہ مقابلے اپنی تاریخ میں پہلی بار خواتین کے لیے بھی منعقد کیے جا رہے ہیں۔ خواتین کی شمولیت کا فیصلہ سعودی عرب کے وزیرِ امورِ اسلامی عبداللطیف بن عبدالعزیز کی سفارش پر کیا گیا، جو قومی اور بین الاقوامی قرآنی مقابلوں کی اعلیٰ نگرانی بھی کرتے ہیں۔
یہ بین الاقوامی قرآنی مقابلے سعودی وزارتِ امورِ اسلامی کے زیرِ اہتمام ہر سال مسجد الحرام میں منعقد کیے جاتے ہیں اور انہیں دنیا کے اہم ترین بین الاقوامی قرآنی پروگراموں میں شمار کیا جاتا ہے۔/
4366900