ایران کی قرآنی خبر رساں ایجنسی ﴿ایکنا﴾ نے دفتر رہبر انقلاب کی ویب سائیٹ کے حوالے سے نقل کرتے ہوئے کہا ہے کہ رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی امام خامنہ ای نے اسلامی جمہوریہ ایران کے گیارہویں صدارتی انتخابات اور شہری و دیہی کونسلوں کے چوتھے انتخابات میں عوام کی ولولہ انگیز اور بھر پور شرکت پر عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کے نام اہم پیغام صادر کیا ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی کے پیغام کا متن حسب ذیل ہے:
بسم اللہ الرحمن الرحیم
عزیز و غیور ایرانی عوام کے نام !
24 خرداد بمطابق 14 جون ، جمعہ کے دن انتخابات میں ولولہ انگیز سیاسی جہاد ایک عظیم اور شاندار امتحان تھا جس میں اسلامی جمہوریہ ایران کا پختہ ، مصمم ، پرعزم اور امید افزا چہرہ دوستوں اور دشمنوں کے سامنے ایک بار پھر نمایاں ہوا ، عوام کے اندر سیاسی بصیرت ، سیاسی رشد و نمو اور دینی عوامی حکومت پر اصرارایک درخشاں اور تابناک حقیقت ہے جسے آپ نے انتخابات میں بھر پور شرکت کرکے ایک بار پھر عملی طور پر پایہ ثبوت تک پہنچا دیا اور اس طرح آپ نے دشمنوں اور حاسدوں کےبیہودہ اور گمراہ کن پروپیگنڈے کا سحر باطل کرنے کے سلسلے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
اسلامی نظام کے ساتھ ایران اور ایرانی قوم کے مضبوط و مستحکم تعلق کو آپ کے عظیم رزم و جہاد نے تمام بد نیت افراد کے سامنے نمایاں کردیا جنھوں نے سیکڑوں سیاسی، اقتصادی اور سکیورٹی سازشوں کے ذریعہ اس مقدس اعتماد اور پاک تعلق کو توڑنے اور اسےکمزور کرنے کی بھر پورکوششیں کیں۔
ایران کی غیور و بہادر قوم نے کل کے انتخابات میں سامراجی اور تسلط پسند طاقتوں کی نفسیاتی جنگ کے مقابلے میں عظیم ظرفیت ،متانت، خردمندی اور عقلمندی کا بہترین اور شاندار ثبوت پیش کیا۔ اور اپنے ملک، اپنے قومی مفادات، اور اپنے امید افزا مستقبل کو بیمہ کردیا۔
1243131