ایکنا نیوز- ایران ریڈیو-تحریک حماس نے مزاحمتی گروہوں سے صیہونیوں کے حملوں کے سامنے ڈٹ جانے کا مطالبہ کیا ہے۔
فلسطینی نیوزایجنسی صفا کی رپورٹ کے مطابق تحریک حماس کے ترجمان حسام بدران نے آج اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر لکھا کہ مسجدالاقصی پر غاصب فوجیوں کے پے درپے حملوں کا اس کے جرائم کے لحاظ سے ہی جواب دیاجاناچاہئے۔
حسام بدران نے بالخصوص غرب اردن میں مزاحمتی گروہوں سے مطالبہ کیا کہ وہ الاقصی کی حمایت کے زیرعنوان کاروائی انجام دیں۔
بدران خطیب نے دنیا کے تمام مسلمانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مسجدالاقصی کے دفاع کے اقدام کا وقت آگیا ہے اور ضروری ہے کہ تمام ممالک اپنے تمام وسائل سے انفرادی یا اجتماعی شکل میں مسجد اقصی کی حمایت کریں۔
تحریک حماس کے ترجمان نے کہا کہ استقامت کے خلاف فلسطینی انتظامیہ کا صیہونی حکومت کے ساتھ تعاون اور اسرائیل کےخلاف بین الاقوامی عدالت میں مقدمہ دائر نہ کئے جانے کے باعث ، غاصبوں میں مسجدالاقصی پرحملے جاری رکھنے کی ترغیب پیدا ہوئی ہے۔