ایکنا نیوز- اسلام ٹائمز۔ پاکستان نے سعودی عرب کے ساتھ جوہری معاہدے سے متعلق خبروں کی تردید کرتے ہوئے غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔ خلیل اللہ قاضی نے غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان کوئی نیوکلیئر ڈیل نہیں ہوئی۔ پاکستان ذمہ دار ایٹمی ریاست ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ سعودی عرب کے شہر نجران میں پندرہ ہزار پاکستانی موجود ہیں، جن کی سکیورٹی کیلئے سعودی حکومت سے بات کی ہے۔
قاضی خلیل اللہ نے "سنڈے ٹائمز" میں شائع ہونے والی رپورٹ کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان کوئی ایٹمی تعاون نہیں ہو رہا۔ ان کا کہنا تھا "پاکستان ایک ایٹمی ملک کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ ہے۔" ہمارا ایٹمی پروگرام پاکستان کی سکیورٹی کے لئے ہے اور پاکستان ایٹمی عدم پھیلاؤ کے مقاصد کا حامی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں قاضی خلیل اللہ کا کہنا تھا کہ ہندوستان کے ساتھ مذاکرات کاعمل تاحال بحال نہیں ہوا، تاہم اس حوالے سے کوششیں جاری ہیں کیونکہ "ہمسایہ ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات پاکستان کی خارجہ پالیسی کا حصہ ہیں۔
" روس کے صدر ولادی میر پیوٹن کے دورہ پاکستان کے حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ابھی اس حوالے سے کچھ کہا نہیں جاسکتا۔ پاکستان کی حدود میں امریکی ڈرون حملوں کی مذمت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی پالیسی ڈرون حملوں پر واضح ہے۔