ایکنا نیوز- ایران ریڈیو-مہر خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ایران کے مقدس شہر قم میں واقع جامعہ المصطفی العالمیہ میں زیر تعلیم ہندوستانی طالب علموں نے ایک ہندوستانی اخبار کے خلاف مدرسہ فقہ و معارف اسلامی میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی رح کی شان میں گستاخی کرنے والے ہندوستان کے اس کثیر الاشاعت اخبار کے صحافیوں کو کیفرکردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا۔ جامعہ المصطفی کے دو ممتاز ہندوستانی علما سید عاکف زیدی اور سید نجیب الحسن زیدی نے بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رح) کی شان میں گستاخی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس میں ملوث عناصر کے خلاف ٹھوس کارروائی کئے جانے کی ضرورت پر تاکید کی۔ حجت الاسلام سید جواد رضوی نے اس موقع پر نامہ نگاروں سے گفتگو کے دوران حضرت امام خمینی (رح) کو اسلامی دنیا کی سب سے عظیم سیاسی اور مذہبی شخصیت قرار دیا اور کہا کہ اگرچہ معافی مانگ لی گئی ہے لیکن حضرت امام خمینی (رح) کی شخصیت کی عظمت کے پیش نظر صرف معمولی انداز میں معافی مانگ لینے سے یہ گھناؤنا اقدام معاف نہیں کیا جاسکتا ہے۔ حجت الاسلام سید جواد رضوی نے امام خمینی (رح) کی شان میں گستاخی کرنے والے عناصر اور نامہ نگار کو اس اخبار کی نوکری سے نکالنے کا مطالبہ بھی کیا اور کہا کہ ہندوستان کے چالیس سے زیادہ شہروں کے مسلمانوں اور طلبہ نے اس گھٹیا اور پست اقدام کے خلاف اپنا رد عمل ظاہر کیا ہے۔