البانیہ کی تاریخی "بالی مسجد" دنیا کی پانچ خوبصورت مذہبی عمارتوں میں شامل

IQNA

البانیہ کی تاریخی "بالی مسجد" دنیا کی پانچ خوبصورت مذہبی عمارتوں میں شامل

7:27 - April 02, 2025
خبر کا کوڈ: 3518259
ایکنا: انجنیرنگ کی خصوصی ویب سائٹ نے، ٹاپ فائیو خوبصورت عبادت خانوں میں مسجد بالی کو بھی شامل کرلیا

ایکنا نیوز کے مطابق، البانیہ کے شہر الباسان میں واقع بالی مسجد، جو 1608 میں تعمیر کی گئی تھی، معروف آرکیٹیکچر ویب سائٹ ArchDaily کی فہرست میں دنیا کی پانچ خوبصورت مذہبی عمارتوں میں شامل ہو گئی ہے۔

اس انتخاب کے ذریعے الباسان اور البانیہ کو عالمی مذہبی فنِ تعمیر کے نقشے میں ایک نمایاں مقام حاصل ہوا ہے۔ یہ نہ صرف فن اور ثقافت کا ایک بہترین نمونہ ہے بلکہ سیاحت کے فروغ کے لیے بھی ایک اہم موقع فراہم کرتا ہے۔

ArchDaily، جو دنیا بھر میں مشہور آرکیٹیکچر پلیٹ فارم ہے، نے " سال 2024" میں بہترین عمارات"  کا ایوارڈ بالی مسجد کو دیا۔ البانیہ کے ذرائع ابلاغ نے اس اعزاز کو ملک میں جدید فنِ تعمیر کی ترقی کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔ اس سے الباسان کو عالمی سطح پر مذہبی فنِ تعمیر میں ایک خصوصی حیثیت حاصل ہو گئی ہے۔

بالی مسجد کی نمایاں خصوصیات

بالی مسجد اپنے منفرد اور تخلیقی ڈیزائن کی وجہ سے قابلِ توجہ ہے، جو اسلامی روایات اور جدید آرکیٹیکچرل عناصر کا حسین امتزاج پیش کرتا ہے۔ یہ صرف عبادت کے لیے ایک مقدس جگہ نہیں، بلکہ سیاحوں اور زائرین کے لیے بھی ایک روحانی اور ثقافتی تجربہ فراہم کرتی ہے۔

الباسان کے مفتی آگیم دوکا نے اس اعزاز پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا: "یہ خبر نہ صرف الباسان کے شہریوں بلکہ پورے البانیہ کے مسلمانوں کے لیے باعثِ مسرت ہے۔ الباسان روایتی اقدار کا مرکز ہے، یہاں ایک قلعہ، ایک مسجد اور ایک چرچ موجود ہے۔ خاص طور پر، بالی مسجد ہماری خوشی کا باعث ہے۔ اگرچہ یہ مسجد ماضی میں کمیونسٹ حکومت کے دوران تباہ کر دی گئی تھی، لیکن مسلم کمیونٹی نے اسے دوبارہ تعمیر کرنے میں کامیابی حاصل کی۔"

مسجد کی تعمیرِ نو اور جدید ڈیزائن

بالی مسجد کو 1608 میں حسن بالیو نے تعمیر کیا تھا۔ 2022 میں، اس تاریخی مسجد کو اس کے پرانے کھنڈرات پر دوبارہ تعمیر کیا گیا، اور اس بار یہ اپنی سابقہ شکل سے بھی زیادہ شاندار انداز میں بحال کی گئی۔ اس پراجیکٹ پر "Commonsense Studio" نے کام کیا، اور اس کا سب سے نمایاں عنصر اس کی جدید طرز کی منارہ ہے، جو اپنے منفرد ڈیزائن کی بدولت دنیا کی دیگر مشہور مساجد کے ساتھ مسابقت کرتی ہے۔

پراجیکٹ کے ڈیزائنرز نے اسلامی روحانی اقدار اور جدید فنِ تعمیر کے امتزاج پر خصوصی توجہ دی۔ معمار ہاجرو نے بتایا کہ: "ہم نے ایسی مواد کا انتخاب کیا جو وقت کے ساتھ مزید خوبصورت ہو جاتا ہے، جیسے کہ تانبا، جو گزرتے وقت کے ساتھ مزید دلکش ہو جاتا ہے، اور پتھر اور لکڑی، جو اپنی پائیداری اور خوبصورتی کو طویل عرصے تک برقرار رکھتے ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ انہی منفرد خصوصیات کی وجہ سے بالی مسجد دنیا کے 5 بہترین عبادتی مقامات میں شامل ہوئی ہے۔"

 

ویڈیو کا کوڈ
نظرات بینندگان
captcha