ایکنا کی رپورٹ کے مطابق، اس سال محرم الحرام کی عزاداری کی تقاریب مرکز اسلامی انگلستان (لندن) میں غیر معمولی جوش و خروش، جذبۂ عشقِ حسین (ع) اور دینی ہمبستگی کے ساتھ منعقد ہو رہی ہیں۔
سید و سالار شہیدان کربلا، امام حسین علیہ السلام کی عزاداری کا باقاعدہ آغاز جمعرات، 5 تیر 1403ھ شمسی (مطابق 26 جون 2025ء) کو مرکز اسلامی انگلستان میں ہوا، جس میں مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والے لندن میں مقیم شیعیانِ اہل بیت (ع) نے بھرپور شرکت کی۔ اس سال کی تقریبات پچھلے برسوں کے مقابلے میں زیادہ روحانی اور پرجوش فضاء میں منعقد ہو رہی ہیں۔
مرکز کے امام، حجتالاسلام والمسلمین سید ہاشم موسوی نے فارسی زبان مجلس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "کربلا کا حماسی واقعہ اور عاشورا کے مصائب پر گریہ کرنا، اسلام کی بقاء کی ضمانت ہے۔ اہل بیت علیہم السلام کی طرف سے عاشورا کی یاد کو زندہ رکھنا انتہائی تاکید کے ساتھ بیان کیا گیا ہے اور یہ شیعیانِ اہل بیت کی دینی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔"
انہوں نے پیغمبر اکرم ﷺ کی روایت نقل کرتے ہوئے کہا کہ "کربلا زمین کی سب سے پاک سرزمین اور سب سے زیادہ قابلِ احترام مقام ہے۔ درحقیقت، یہ جنت کے مقامات میں سے ایک ہے۔"
محرم کی دوسری شب اپنے خطاب میں انہوں نے واقعہ کربلا کے جانثاران کو "عصرِ بصیرت کے فداکار سرو" قرار دیتے ہوئے کہا کہ "عاشورا تاریخِ تشیع کا نقطۂ عروج اور حق و باطل کے درمیان معرکہ کی عملی تصویر ہے، جو آج بھی انسانیت کے لیے تفکر و بیداری کا سرچشمہ ہے۔"
انہوں نے امام حسین علیہ السلام کو "ستارگانِ ہدایت" کا مظہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی سیرت کا مطالعہ انسان سازی، دینداری، اور فتنوں کے دور میں ہدایت کا راستہ فراہم کرتا ہے۔
مرکز اسلامی انگلستان میں اس سال فارسی کے ساتھ ساتھ اردو، انگریزی اور عربی زبانوں میں بھی علیحدہ عزاداری کی محافل کا انعقاد مختلف ہالز میں کیا جا رہا ہے۔
ہر مجلس میں خطاب کے بعد اہل بیت (ع) کے مداحوں کی نوحہ خوانی اور مرثیہ سرائی کے ذریعے سیدالشہداء امام حسین علیہ السلام کو خراجِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔
آخر میں لندن میں منعقد ہونے والے جلوسِ عزاداری حسینی کا ویڈیو بھی پیش کیا گیا۔/
4291743