کربلاء سیکورٹی کے لیے مصنوعی ذہانت سے استفادہ

IQNA

کربلاء سیکورٹی کے لیے مصنوعی ذہانت سے استفادہ

7:23 - July 06, 2025
خبر کا کوڈ: 3518749
ایکنا: آستانہ مقدس حسینی(ع) کے مطابق عاشورا عزاداری اور دیگر تقریبات کے لیے اے آئی سے استفادہ کیا جارہا ہے۔

ایکنا نیوز، آستانہ مقدس امام حسینؑ کی ویب سائٹ کے مطابق حرم مطہر امام حسینؑ کی عمومی سیکیورٹی انتظامیہ نے ماہِ محرم کے دوران کربلا میں منعقدہ عزاداری کے پروگراموں اور زائرین کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے 2000 سے زائد جدید نگرانی کے کیمرے نصب کیے ہیں۔ یہ اقدام ایک جامع سیکیورٹی پلان کا حصہ ہے۔

رسول فضالہ، جو اس سیکیورٹی انتظامیہ کے سربراہ ہیں، نے وضاحت کی کہ: "انتظامیہ نے آستان مقدس امام حسینؑ کے مختلف شعبہ جات اور متعلقہ سیکیورٹی اداروں کے تعاون سے ایک مشترکہ آپریشن روم قائم کیا ہے تاکہ محرم الحرام کی مجالس، زائرین کی آمد و رفت اور صوبہ کربلا کے داخلی راستوں کی مکمل نگرانی کو یقینی بنایا جا سکے۔"

انہوں نے مزید بتایا: "ہمارا نگرانی کا نظام 2000 سے زائد کیمروں پر مشتمل ہے جو پرانے شہر (کربلا) کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر نصب کیے گئے ہیں۔ یہ کیمرے جدید مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی ہیں، جو چہروں کی شناخت اور فوری ڈیٹا تجزیے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔"

رسول فضالہ نے بتایا کہ ایک ماہرانہ سائبر سیکیورٹی ٹیم بھی تشکیل دی گئی ہے جو ان نظاموں کو ہیکنگ یا کسی بھی الیکٹرانک حملے سے محفوظ رکھنے پر مامور ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حرم کے داخلی راستوں پر جدید تلاشی کے آلات نصب کیے گئے ہیں، جب کہ ایسے جدید اسکینرز بھی استعمال میں لائے جا رہے ہیں جو بیگوں اور ہاتھ گاڑیوں کے اندر مشتبہ اشیاء کی نشاندہی کر سکتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ: "ان کیمروں میں سے کچھ خاص نوعیت کے کیمرے ہیں جو جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے زائرین کی فوری گنتی کرتے ہیں، اور ہجوم کی شدت، افراد کی نقل و حرکت اور ان کے بہاؤ کے بارے میں درست معلومات فراہم کرتے ہیں۔ یہ ڈیٹا فوری طور پر آپریشن روم کو فراہم کیا جاتا ہے، جس سے ہجوم پر قابو پانے اور آمد و رفت کے بہتر انتظام میں مدد ملتی ہے۔"

آخر میں قابل ذکر ہے کہ آستان مقدس امام حسینؑ کی جانب سے اٹھائے گئے یہ اقدامات عزاداریِ عاشورا کے پرامن اور محفوظ انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے کی جانے والی وسیع سیکیورٹی تیاریوں کا ایک حصہ ہیں، تاکہ زائرین کو اعلیٰ سطح کا تحفظ فراہم کیا جا سکے۔/

نظرات بینندگان
captcha