او آئی سی سربراہ کی جانب سے فلسطین کو تسلیم بارے بیان کا خیر مقدم

IQNA

او آئی سی سربراہ کی جانب سے فلسطین کو تسلیم بارے بیان کا خیر مقدم

7:20 - July 27, 2025
خبر کا کوڈ: 3518872
ایکنا: سیکرٹری جنرل اسلامی تعاون تنظیم نے فرانسیسی صدر کی جانب سے فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے۔

ایکنا نے او آئی سی کی ویب سائٹ کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ حسین ابراہیم طہ، جو اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل ہیں، نے فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کے اس اعلان کا خیر مقدم کیا ہے کہ فرانس آئندہ ستمبر میں فلسطین کو باضابطہ طور پر ایک خودمختار ریاست کے طور پر تسلیم کرے گا۔

سیکرٹری جنرل نے اس فیصلے کو ایک اہم قدم قرار دیا جو بین الاقوامی قوانین کے مطابق ہے اور فرانس کے ان دیرینہ مؤقف و کوششوں کے تسلسل میں آتا ہے جو اس نے فلسطینی عوام کے حقوق، بالخصوص ان کے حقِ خودارادیت اور مشرقی القدس کو دارالحکومت بنانے والی آزاد ریاست کے قیام کے حق میں کی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس اقدام سے فلسطین کی بین الاقوامی سطح پر سیاسی اور قانونی حیثیت کو مضبوطی ملے گی۔ ساتھ ہی انہوں نے ان تمام ممالک سے بھی مطالبہ کیا جو تاحال فلسطین کو تسلیم نہیں کرتے کہ وہ بھی اس حوالے سے پہل کریں اور اقوام متحدہ میں فلسطین کی مکمل رکنیت کی حمایت کریں۔

او آئی سی کے سیکرٹری جنرل نے اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں سعودی عرب اور فرانس کی مشترکہ صدارت میں اگلے ہفتے ہونے والی اعلیٰ سطحی بین الاقوامی کانفرنس میں فعال شرکت کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے اس بات پر تاکید کی کہ اس کانفرنس میں شرکت اور عملی اقدامات اٹھانا ضروری ہے تاکہ خطے میں دو ریاستی حل کے نظریے، متعلقہ بین الاقوامی قراردادوں اور عرب امن منصوبے کی بنیاد پر پائیدار امن اور استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔

واضح رہے کہ فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے جمعرات کی شب اعلان کیا کہ فرانس ستمبر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرے گا۔ انہوں نے سابقہ ٹوئٹر (موجودہ ایکس) پر لکھا کہ "امن ممکن ہے" اور یہ فیصلہ مشرق وسطیٰ میں پائیدار و منصفانہ امن کے لیے فرانس کے تاریخی عزم کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔

صدر میکرون نے غزہ میں فوری جنگ بندی، تمام اسرائیلی قیدیوں کی رہائی، اور غزہ کے عوام کے لیے بڑے پیمانے پر انسانی امداد بھیجنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس کے ساتھ انہوں نے حماس کو غیر مسلح کرنے اور غزہ کو محفوظ و قابل تعمیر بنانے کا مطالبہ بھی کیا۔/

 

4296300

نظرات بینندگان
captcha