
ایکنا نیوز، روزنامہ ڈیلی صباح نے خبر دی ہے کہ ویٹی کن کے ذرائع نے پیر کے روز اعلان کیا ہے کہ پوپ لیو چہاردم اپنی پہلی غیر ملکی سفر کے طور پر ترکی کے شہر ازنیک (نیقیہ) کا دورہ کریں گے۔
یہ 70 سالہ امریکی پوپ لبنان جانے سے پہلے ترکی کا سفر کرے گا۔ ازنیک، جو اب شمال مغربی ترکی میں واقع ہے، اُن اہم کونسلوں میں سے ایک کا مقام ہے جنہیں مشرقی آرتھوڈوکس چرچ نے باضابطہ طور پر تسلیم کیا ہے۔ لیو 28 نومبر (7 آذر) کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے وہاں پہنچیں گے تاکہ قدیم چرچ سینٹ نیوفیتوس کے کھنڈرات کے قریب مختصر دعا کر سکیں۔
پوپ لیو کے اس سفر کا بنیادی مقصد نیقیہ کونسل کی 1700ویں سالگرہ منانا ہے، جو مسیحیت کی تاریخ میں ایک اہم موڑ کی حیثیت رکھتی ہے۔ پوپ لیو کا ارادہ ہے کہ وہ آرتھوڈوکس عیسائیوں کے روحانی رہنما، پاتریارک بارتولومیو اوّل کے ہمراہ دعا کریں اور دونوں کلیساؤں کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کی کوششوں پر زور دیں۔
لیو استنبول کی نیلی مسجد (مسجد سلطان احمد) کا بھی دورہ کریں گے، تاہم اپنے پیش رو پوپوں کے برعکس وہ آیا صوفیہ، جو بازنطینی عہد کا قدیم گرجا تھا اور بعد میں مسجد میں تبدیل ہوا، کا دورہ نہیں کریں گے۔
ویٹی کن کے سفری پروگرام کے مطابق، پوپ لیو کا ترکی اور لبنان کا یہ دورہ 27 نومبر سے 2 دسمبر (6 آذر تا 11 آذر) تک جاری رہے گا۔ اس دوران ان کا فوکس دونوں ممالک کے مذہبی رہنماؤں سے مکالمہ، مشرقِ وسطیٰ میں مسیحیوں کی صورتحال اور علاقائی مسائل پر تبادلہ خیال پر ہوگا۔ یہ دورہ ترکی اور لبنان کے سرکاری رہنماؤں سے ملاقاتوں، مذہبی اجتماعات، عشائے ربانی کی تقریب اور مقامی مذہبی شخصیات سے ملاقاتوں پر مشتمل ہوگا۔/
4313291