ملایشیاء میں فرسودہ قرآن کی تدفین کی انوکھی کاوش

IQNA

ملایشیاء میں فرسودہ قرآن کی تدفین کی انوکھی کاوش

7:37 - June 23, 2026
خبر کا کوڈ: 3520356
ایکنا: ملائیشیا کی ریاست ساراواک میں بوسیدہ اور پرانے قرآنی نسخوں کی تکریم اور تدفین کے لیے ماحول دوست طریقہ اختیار کیا جا رہا ہے۔

ایکنا نیوز-  خبررساں ادارے theborneopost  کے مطابق ریاست ساراواک میں خستہ حال اور پرانے قرآنِ مجید کے نسخوں کی حرمت برقرار رکھنے کے لیے ماحول سے ہم آہنگ طریقہ اپنایا گیا ہے۔ ہفتے کے روز ریاستی حکام نے متعلقہ اداروں کے تعاون سے 1802 کلوگرام قرآنی راکھ کو خصوصی حیاتیاتی طور پر تحلیل ہونے والے کاغذی تھیلوں میں بند کرکے کوچنگ کے ساحلی علاقے کے قریب بحیرۂ جنوبی چین میں سپرد کیا۔

یہ مواد ماحول دوست AQ-01 نامی 212 خصوصی کاغذی تھیلوں میں پیک کیا گیا تھا، جو ساراواک بھر میں قائم بوسیدہ قرآنی نسخوں کی تلفی کے مراکز میں انجام دیے گئے عمل کا نتیجہ تھا۔

ساراواک اسلامی مذہبی محکمہ (JAIS) کے شعبۂ قرآن کے سربراہ عبدالرحیم رشید نے بتایا کہ یہ اقدام قومی فتویٰ کمیٹی کے فیصلے کے مطابق بوسیدہ اور ناقابلِ استعمال قرآنی نسخوں کی حرمت کے تحفظ کے لیے معمول کے پروگرام کا حصہ ہے۔

انہوں نے کوچنگ میں پانڈنگ کشتی ٹرمینل پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا: "یہ قرآنی راکھ کو سمندر برد کرنے کا ایک معمول کا پروگرام ہے جو باقاعدگی سے انجام دیا جاتا ہے۔"

عبدالرحیم نے مزید کہا کہ ساراواک میں قرآنی راکھ کو ٹھکانے لگانے کا طریقہ دیگر ریاستوں سے مختلف ہے، کیونکہ JAIS خصوصی AQ-01 کاغذی تھیلوں کا استعمال کرتا ہے جو خاص طور پر ماحول دوست انداز میں تیار کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا: دیگر ریاستیں راکھ کو براہِ راست سمندر میں بہا دیتی ہیں یا پہلے اسے منجمد کرتی ہیں، لیکن ہمارا طریقہ نہ صرف اسلامی احکام کے مطابق ہے بلکہ ماحولیاتی تقاضوں کو بھی مدنظر رکھتا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ہر تھیلے کا وزن تقریباً 8.5 کلوگرام ہے اور اسے اس طرح تیار کیا گیا ہے کہ وہ چار منٹ سے بھی کم وقت میں مکمل طور پر پانی میں ڈوب کر تحلیل ہو جائے، جس سے یہ یقینی بنتا ہے کہ تلفی کا عمل منظم، باوقار اور ماحول دوست انداز میں انجام پائے۔

یہ بڑی تقریب، جو جنوبی ساراواک میں اپنی نوعیت کی پہلی تقریب تھی، ساراواک کے محکمۂ مفتی کے ڈائریکٹر احمد سوکارنو سینی اور دیگر اعلیٰ حکام کی موجودگی میں منعقد ہوئی۔

 

4359532

نظرات بینندگان
captcha