ایکنا نیوز- ایران ریڈیو- یمن میں رونما ہونے والی تبدیلیوں اور اس ملک کے عوام کو حاصل ہونے والی کامیابیوں کے بعد اپنے ایک بیان میں ایران کے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید حسن فیروز آبادی نے کہا ہے کہ یمن کے دارالحکومت صنعا کا مکمل کنٹرول، انقلابیوں کے ہاتھ میں آجانے کے بعد اس علاقے میں پوری طرح امن قائم ہوگیا ہے-جنرل سید حسن فیروز آبادی نے کہا کہ امریکہ، برطانیہ اور فرانس کو چاہیئے کہ سازشیں رچانے سے باز آجائیں اور صنعا کی پرامن صورت حال کو کشیدہ بنانے کی کوشش نہ کریں- انھوں نے صنعا میں ان ملکوں کی بہانے بازی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یمن میں کوئی بحران نہیں ہے- انہوں نے کہا کہ امریکہ، برطانیہ اور فرانس کی مداخلت سے، صرف وہاں کی صورت حال کشیدہ نظر آرہی ہے- جنرل سید حسن فیروز آبادی نے صنعا میں امریکہ اور برطانیہ کے سفارت خانے بند کئے جانے کو ان ملکوں کی بہانے تراشی سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ممالک، یمن سے واپس بلائے جانے والے اپنے سفارتکاروں سے اس حقیقت کا پتہ لگاسکتے ہیں کہ صنعا میں کسی بھی طرح کی کوئی بدامنی نہیں ہے اور انقلابیوں نے نظم و نسق سنبھال کر اس علاقے کو اور زیادہ پرامن بنادیا ہے- انھوں نے کہا کہ یورپ و امریکہ کو چاہیئے کہ ایرانی قوم سے دشمنی برتنے سے عبرت حاصل کریں اور کوئی ایسا اقدام نہ کریں جسے یمنی عوام سے دشمنی سمجھا جائے- انھوں نے کہا کہ یورپ و امریکہ کو چاہیئے کہ اپنے غیر دانشمندانہ اقدامات کی بدولت ایرانی عوام کی مانند یمنی عوام کے دلوں میں اپنے خلاف نفرت کا زہر بھرنے کی کوشش نہ کریں اور اپنی سازشوں سے باز آجائیں-