واشنگٹن کے گورنر نے صدر ٹرمپ کو جھوٹا قرار دے دیا

IQNA

واشنگٹن کے گورنر نے صدر ٹرمپ کو جھوٹا قرار دے دیا

13:08 - April 18, 2020
خبر کا کوڈ: 3507524
تہران(ایکنا) واشنگٹن کے گورنر نے صدر ٹرمپ کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے ان پر اندرونی بغاوت بھڑکانے کا الزام لگادیا۔

واشنگٹن کے گورنر جے انسلی نے اپنے بیان میں امریکی صدر پر الزام لگایا کہ ٹرمپ جھوٹ کا پرچار کررہے ہیں اور ملک میں اندرونی بغاوت بھڑکا رہے ہیں۔

واشنگٹن کے گورنر نے یہ الزام صدر ٹرمپ کے اس بیان کے بعد لگایا جب انہوں نے اپنے حامیوں پر زور دیا کہ امریکا کی تین ریاستوں کو ڈیمو کریٹس سے آزاد کرائیں۔

واشنگٹن کے گورنر کا کہنا تھا کہ امریکی صدر کا بیان غیر قانونی اور خطرناک عمل کی حوصلہ افزائی کرتا ہے، وہ لاکھوں لوگوں کو کورونا میں مبتلا ہونے کے خطرے سے دوچار کررہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹرمپ کی غیر ضروری جارحانہ تقریریں اور لوگوں سے ریاستیں آزاد کرانے کا مطالبہ تشدد کو بھی بڑھاوا دے سکتا ہے کیونکہ ہم اس سے پہلے یہ دیکھ چکے ہیں لہٰذا ٹرمپ اندرونی بغاوت بھڑکا رہے ہیں اور جھوٹ پھیلا رہے ہیں۔

واشنگٹن کے گورنر کا کہنا تھا کہ ٹرمپ کی انتظامیہ خود کہتی ہے کہ وائرس ایک حقیقت ہے اور یہ جان لیوا ہے، ہمارے پاس پابندیاں اٹھانے سے پہلے آگے بڑھنے کے لیے ایک طویل راستہ ہے۔

گزشتہ روز امریکی صدر نے ٹوئٹر پر ریاست ورجینیا، مشی گن اور منی سوٹا کی آزادی کا نعرہ لگایا تھا جب کہ انہوں نے ساتھ ہی نیو یارک کے گورنر پر بھی شدید تنقید کی تھی۔

امریکا کی صورتحال

امریکا میں کورونا وائرس کے تقریباً 7 لاکھ کیسز ہیں اور 36 ہزار افراد ہلاک ہوچکے ہیں جب کہ مجموعی کیسز کی نصف تعداد نیویارک میں رپورٹ ہوئی ہے۔

امریکا میں کورونا کی بدترین صورتحال کے باوجود ٹرمپ نے جلد ہی کچھ ریاستیں کھولنے کا اعلان کیا ہے۔

219180

نظرات بینندگان
captcha