'بھارت میں کورونا کی وبا کی آڑ میں مسلمانوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے' صدر عارف علوی

IQNA

'بھارت میں کورونا کی وبا کی آڑ میں مسلمانوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے' صدر عارف علوی

10:17 - May 05, 2020
خبر کا کوڈ: 3507597
تہران(ایکنا) کورونا وبا کے خلاف جنگ سیاسی وابستگی اور تنگ نظری سے بالاتر ہو کرجیتی جاسکتی ہے، اس مقصد کے لیے سب کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے غیر وابستہ ممالک کی تحریک (این اے ایم) کے سربراہ اجلاس سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں مسلمانوں سمیت دیگر اقلیتوں کے خلاف متعصبانہ رویہ جاری ہے جو انتہائی تشویشناک ہے، وہاں کورونا کی وبا کی آڑ میں مسلمانوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے جبکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور ضروری اشیا کی عدم دستیابی صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وبا کے خلاف جنگ سیاسی وابستگی اور تنگ نظری سے بالاتر ہو کرجیتی جاسکتی ہے، اس مقصد کے لیے سب کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

عارف علوی نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا عالمی چیلنج ہے جس پر عالمی ردعمل درکار ہے، جبکہ غیر وابستہ ممالک کی تحریک کا سربراہ اجلاس کورونا کے چیلنج سے نمٹنے میں معاون ثابت ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے کورونا وبا سے نمٹنے کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں، کورونا کے پھیلاﺅ کے پیش نظر بندشوں کی وجہ سے معاشی طور پر متاثر ہونے والے غریب اور کمزور طبقات کی مدد کے لیے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے 8 ارب ڈالر کا ریلیف پیکج دیا گیا ہے۔

 

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے مخیر حضرات بھی اس چیلنج کے خلاف حکومتی کوششوں میں ساتھ دے رہے ہیں۔

 

صدر مملکت نے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والے چیلنج کے خلاف قومی کوششیں بین الاقوامی حمایت کے بغیر پوری طرح موثر نہیں ہو سکتیں، اس وبا کا ترقی پذیر ممالک کی معیشت پر گہرا اثرا پڑا ہے، اس تناظر میں وزیراعظم نے ترقی پذیر ملکوں کے لیے قرضوں کی ادائیگی میں سہولت کی اپیل کی ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ غیر وابستہ ممالک کی تحریک کی ترقی اور امن کے قیام کے لیے کوششیں قابل قدر ہیں، پاکستان اسے مزید فعال بنانے کے سلسلے میں کردار ادا کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔

 

واضح رہے کہ 120 رکن ممالک پر مشتمل غیر وابستہ ممالک کی تحریک کا مقصد ایسے ممالک کا ایک فورم بنانا تھا جو کسی سپرپاور کے ساتھ منسلک نہ ہوں۔

 

سوویت یونین کے ٹوٹنے سے پہلے کچھ ممالک امریکا کے اتحادی تھے تو کچھ روس کے، اس تحریک کا مقصد خود کو دونوں سےغیر جانب دار رکھنا تھا۔

1129537

نظرات بینندگان
captcha