ایکنا نیوز- فلسطینی حافظہ قرآن طالبہ، جنان نبیل محمد نوفل، جو اس سال ملائیشیا میں منعقد ہونے والے 65ویں بین الاقوامی قرآن مجید کے مقابلے میں فلسطین کی نمائندگی کر رہی ہیں، نے کہا ہے کہ میں نے قرآن حفظ کرنا کم عمری میں شروع کیا اور روزانہ کم از کم پانچ سے دس پارے دُہراتی ہوں۔
ایکنا نے برناما نیوز ایجنسی کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ جنان، جو 24 سالہ طالبہ ہیں، ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور کے ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں جاری مقابلوں میں حفظِ قرآن کے شعبے میں آٹھ شرکاء میں سے ایک ہیں، اور یہ ان کی پہلی بین الاقوامی شرکت ہے۔
جنان، جو کہ شہر قلقیلیہ میں واقع مدرسہ نور التجوید و تحفیظ القرآن میں تعلیم حاصل کر رہی ہیں، نے بتایا کہ قلقیلیہ یروشلم (القدس) سے تقریباً 20 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ وہ روزانہ باقاعدگی سے قرآن مجید کے 5 سے 10 پارے دہراتی ہیں تاکہ حفظ تازہ رہے۔
جنان، جو پانچ بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹی ہیں، نے بتایا: "میں نے قرآن کو اس لیے حفظ کیا تاکہ میرے والدین کو مجھ پر فخر ہو۔
ملائیشیا کے 65ویں بین الاقوامی قرآن مقابلے کا آغاز 11 اگست (11 مرداد) کو گیمبیا اور مراکش کے شرکاء کی قرات سے ہوا۔ یہ مقابلے 18 اگست تک جاری رہیں گے۔
افتتاحی تقریب میں ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم، وزیر مذہبی امور محمد نعیم مختار، وزیر صحت ذوالکفلی احمد، اور حکومت کے اعلیٰ سیکریٹری شمس الازری ابوبکر نے شرکت کی۔
اس سال کے مقابلے کا نعرہ ہے: متمدن امت کی تشکیل، یہ مقابلے 49 ممالک سے 71 شرکاء کو جمع کر رہے ہیں۔
انعامات کی تفصیل درج ذیل ہے:
پہلی پوزیشن: 40,000 رنگٹ (تقریباً 853 لاکھ تومان)
دوسری پوزیشن: 30,000 رنگٹ (تقریباً 640 لاکھ تومان)
تیسری پوزیشن: 20,000 رنگٹ (تقریباً 426 لاکھ تومان) یہ انعامات ملائیشیا کی اسلامی اقتصادی ترقیاتی فاؤنڈیشن کی جانب سے دیے جائیں گے۔/
4298398