ایکنا: دلچسپ امر یہ ہے کہ ایران کے سب سے طویل عرصے تک نشر ہونے والے اور قدیمی ترین ٹیلی ویژن پروگرام کا اعزاز ایک مذہبی پروگرام کو حاصل ہے۔ "درسهایی از قرآن" گزشتہ 46 برسوں سے ہر جمعرات کو ایران کے سرکاری چینل (شبکہ ایک) پر نشر ہو رہا ہے؛ ایک ایسا پروگرام جو انقلابِ اسلامی کی تاریخ جتنا پرانا ہے۔
یہ پروگرام حجت الاسلام محسن قرائتی کی میزبانی میں، شہید مرتضیٰ مطہری کی تجویز اور امام خمینیؒ کی تائید سے 1979 (1358 ہجری شمسی) میں شروع ہوا اور آج تک جاری ہے۔ یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ ٹی وی دیکھنے والی کئی نسلوں نے اس پروگرام کو مسلسل دیکھا ہے اور اب بھی ہر ہفتے حجت الاسلام قرائتی کی گفتگو کو توجہ سے سنتے ہیں۔
سب سے پہلی اور بنیادی وجہ اس پروگرام کی کامیابی کی یہ ہے کہ اس میں پیش کیے جانے والے تمام نکات اور دلائل کا ماخذ ایک لامحدود اور بے انتہا سرچشمہ یعنی قرآن کریم ہے، جو نہ ختم ہونے والا ہے اور نہ اس میں کوئی تکرار یا کمی پائی جاتی ہے۔
اس کے علاوہ، قرآن مجید سے نہایت دلچسپ اور کارآمد موضوعات نکالے جاتے ہیں جو انسان کی دنیاوی اور اخروی زندگی کو بہتر بنانے میں عملی کردار ادا کرتے ہیں۔
پروگرام کی طویل مقبولیت کی ایک اور بڑی وجہ اس کے میزبان کی قرآن فہمی اور علمِ تفسیر پر گہری دسترس ہے۔ حجت الاسلام محسن قرائتی قرآن کے مشہور مفسر ہیں اور ان کی علمی کاوش "تفسیر نور" برسوں کی تحقیق اور مطالعے کا نتیجہ ہے۔ اس تفسیر کی خاص بات یہ ہے کہ اس کی زبان نہایت سادہ، رواں اور عام فہم ہے۔ یہی انداز "درسهایی از قرآن" میں بھی نظر آتا ہے، جہاں قرآنی مباحث کو آسان اور قابلِ فہم طریقے سے بیان کیا جاتا ہے۔
ایسے پروگراموں کی تیاری میں سب سے اہم شرط یہ ہے کہ بلند ترین اور عظیم معانی کو سادہ، پرخلوص اور دلکش اسلوب میں عوام کے سامنے پیش کیا جائے۔ حجت الاسلام قرائتی نے اسی حکمتِ عملی کو اپنایا اور تقریباً نصف صدی سے ملک کے دور دراز دیہاتوں سے لے کر تہران کے مرکز تک کے ناظرین کو قرآن اور اس کی زندگی بخش تعلیمات سے جوڑے رکھا ہے۔/
4307760