مصری قاریہ: آرزو ہے کہ الازھر میں تدریس کروں

IQNA

مصری قاریہ: آرزو ہے کہ الازھر میں تدریس کروں

6:52 - December 14, 2025
خبر کا کوڈ: 3519642
ایکنا: رقیہ رفعت عبدالباری، مصر کے بتیسویں بین الاقوامی قرآن مقابلوں کی اوّل پوزیشن حاصل کرنے والی قاریہ نے الازھر میں تدریس کو آرزو قرار دیا ہے۔

ایکنا نیوز، صدی البلد نیوز کے مطابق، رقیہ رفعت عبدالباری نے، جو مصر کے بتیسویں بین الاقوامی قرآن مقابلوں میں روایتِ حفص کے مطابق حفظِ قرآن اور تجوید کے شعبے میں اوّل رہیں اور ایک ملین مصری پاؤنڈ کا انعام حاصل کیا، اس کامیابی پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا: میں نے پانچ سال کی عمر میں قرآن حفظ کرنا شروع کیا اور دس سال کی عمر میں مکمل کر لیا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ وہ اسکندریہ میں جامعہ الازہر کے فیکلٹی آف اسلامک اینڈ عربک اسٹڈیز سے فارغ التحصیل ہیں اور 2018 میں انہیں اعزازی تمغہ بھی دیا گیا تھا۔

اس مصری حافظۂ قرآن نے کہا: مجھے امید ہے کہ شیخ الازہر، احمد الطیب، مجھے جامعہ الازہر میں بطور تعلیمی معاون مقرر کرنے کا حکم جاری کریں گے تاکہ میں دین، قرآنِ کریم اور اس کے علوم کی خدمت جاری رکھ سکوں۔

انہوں نے اپنی گھریلو زندگی کے بارے میں بتایا: میں شادی شدہ ہوں، میری عمر 29 سال ہے اور میرے دو بیٹے ہیں۔ محمد (سات سال) اور یزن (تین سال) جنہیں میں خود قرآن کی تعلیم دیتی ہوں۔

اس مصری خاتون نے کہا: میں روزانہ اپنے حفظ شدہ اسباق کا اعادہ کرتی ہوں اور ماہ میں دو مرتبہ پورے قرآنِ کریم کا دور مکمل کرتی ہوں، جبکہ مقابلوں کے ایام میں ہر دو یا چار دن بعد اپنے حفظ کو مضبوط کرتی ہوں۔

انہوں نے مزید کہا: الحمدللہ، مجھے مصر کے اندر اور بیرونِ ملک سے متعدد انعامات مل چکے ہیں، اور میری چھوٹی بہن بھی حافظِ قرآن ہے۔

واضح رہے کہ مصر کے بتیسویں بین الاقوامی قرآن مقابلے وزارتِ اوقاف کے زیرِ اہتمام 6 سے 10 دسمبر 2025 (15 تا 19 آذر) کو منعقد ہوئے، جن میں مصر نے نمایاں اور اعلیٰ پوزیشنیں حاصل کیں۔

بتایا گیا ہے کہ مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی ماہِ رمضان کی شبِ قدر میں ان مقابلوں کے نمایاں کامیاب امیدواروں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں نقد انعامات اور تعریفی اسناد پیش کریں گے۔/

 

4322537

نظرات بینندگان
captcha