ایکنا کے مطابق، سعید فارس السعید نے عراق کی خبر رساں ویب سائٹ "المعلومہ" سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شام کے شیعہ، بشار الاسد حکومت کے خاتمے اور ممکنہ نئے حالات کے خوف سے، لبنان کی طرف ہجرت کر رہے ہیں تاکہ ظلم و ستم اور آزار و اذیت سے محفوظ رہ سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ شام میں عرب شیعوں کی تعداد تقریباً 3 لاکھ ہے، جو حلب کے شمالی مضافات میں واقع نبل والزہراء، ادلب کے مضافات میں الفوعہ اور کفریا، درعا اور اس کے اردگرد کے علاقوں میں مقیم ہیں۔ ان میں سے کچھ دمشق کے الامین اور زین العابدین محلوں، مضافات میں سیدہ زینب (س) کے علاقے، حمص کے دیہات، دیر الزور کے مضافات اور الحسکہ میں رہائش پذیر ہیں۔
فارس نے مزید کہا کہ داعش کے حملوں کے دوران یہ افراد محاصرے، حملوں اور قتل و غارتگری کا شکار ہوئے اور ان کے گھر تباہ کر دیے گئے۔
اس سے قبل بھی رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ دہشت گردوں نے شامی شہریوں کے گھروں کو لوٹا اور انہیں قتل کیا۔
اگرچہ دمشق کے نئے حکمرانوں نے اقلیتوں کی سلامتی کو یقینی بنانے کی کوشش کی ہے، لیکن ایک لبنانی عہدیدار نے بتایا کہ بشار الاسد حکومت کے خاتمے کے بعد، خوف کے باعث دسیوں ہزار شامی، جن میں اکثریت شیعوں کی ہے، لبنان میں پناہ لے چکے ہیں۔/
4254876