ملایشیاء مقابلوں کا فاتح، دوسرے قرآء کو پڑھانا سودمند رہا + ویڈیو

IQNA

ملایشیاء مقابلوں کا فاتح، دوسرے قرآء کو پڑھانا سودمند رہا + ویڈیو

5:32 - August 11, 2025
خبر کا کوڈ: 3518965
ایکنا: ملائیشیاء کے بین الاقوامی قرآن مقابلوں کے مردانہ تلاوت شعبے کے فاتح کا کہنا ہے کہ دنیا کے مختلف ممالک کے ممتاز قراء کے ساتھ بیٹھنا اور ان سے سیکھنا، ان کی کامیابی کی راہ متعین کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

ایکنا نیوز، "برناما" نیوز ایجنسی کے مطابق ایمان رضوان محمد رملان نے کوالالمپور میں منعقدہ پینسٹھویں بین الاقوامی تلاوت و حفظ قرآن کریم (MTHQA) کے مقابلوں میں تلاوت کے شعبے میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ یہ دوسرا موقع تھا جب وہ اس ایونٹ میں شریک ہوئے، اس سے قبل وہ 2022 میں بھی ملائیشیا کے نمائندے کے طور پر حصہ لے چکے تھے۔

27 سالہ ایمان رضوان، جو ملائیشیا کی ریاست پراک کے شہر تائپنگ سے تعلق رکھتے ہیں، نے کہا کہ یہ کامیابی ان کے پیشہ ورانہ سفر کی سب سے بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے ایوارڈ تقریب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا: "الحمدللہ، میں بے حد پرجوش اور خوش ہوں کیونکہ یہ پہلا موقع ہے کہ میں کسی بین الاقوامی مقابلے میں فاتح بنا ہوں۔"

ایمان نے بتایا کہ انہوں نے 15 سال کی عمر سے تلاوت کے مقابلوں میں حصہ لینا شروع کیا۔ وہ ملائیشیا کے قاریوں سے سیکھتے رہے ہیں اور ایران و انڈونیشیا کے قاریوں سے دوستانہ تعلقات قائم کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کے تبادلے نے ان کی قراءت کی فہم کو گہرا کیا اور ان کے اندازِ تلاوت کو بہتر بنایا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تجوید، تلفظ، آواز کے معیار اور خوش الحانی میں اپنی تیاری کو انہوں نے مضبوط تلاوت کا اہم سبب سمجھا۔

رواں سال رمضان المبارک میں ایمان نے ایران کے ٹی وی پروگرام "محفل" میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مصری اور ملائیشیائی طرز کا امتزاج پیش کیا اور اس کے بعد حضور اکرم ﷺ کی مدح میں نعت بھی سنائی۔ اس موقع پر انہوں نے ملائیشیا کی کثیرالثقافتی معاشرت میں قرآن کی ثقافت پر بھی روشنی ڈالی۔

خواتین کے شعبے میں، کلانتان کی وان صوفیہ عینی وان محمد زاہدی نے بیماری کے باوجود بہترین قاری کا اعزاز حاصل کیا۔ انہوں نے بتایا کہ مقابلے سے دو دن قبل انہیں فلو ہو گیا اور آواز بیٹھ گئی تھی، لیکن اہل خانہ، اساتذہ اور دوستوں کی حوصلہ افزائی نے انہیں اعتماد دیا اور وہ بغیر کسی بڑی مشکل کے اپنی تلاوت مکمل کرنے میں کامیاب رہیں۔

تلاوت اور حفظ دونوں شعبوں کے فاتحین کو اسلامی اکنامک ڈویلپمنٹ فاؤنڈیشن ملائیشیا (YaPEIM) کی جانب سے 40 ہزار ملائیشین رنگٹ نقد انعام، دیگر انعامات اور تعریفی اسناد دی گئیں۔

پینسٹھویں بین الاقوامی قرآن مقابلے ملائیشیا میں گذشتہ ہفتے کو گیمبیا اور مراکش کے نمائندوں کی تلاوت سے کوالالمپور کے ورلڈ ٹریڈ سینٹر (WTCKL) میں شروع ہوئے اور گذشتہ روز اختتام پذیر ہوئے۔ تقریباً 50 ممالک کے 72 شرکاء نے حصہ لیا، جن میں 40 افراد نے تلاوت اور 32 نے حفظ کے شعبے میں مقابلہ کیا۔/

ویڈیو کا کوڈ

 

 

4299142

نظرات بینندگان
captcha