ایکنا نیوز کے مطابق، عراق کے رباط محمدی علماء کونسل کے سربراہ، سید عبدالقادر الآلوسی نے بین الاقوامی اسلامی وحدت کانفرنس کے 39ویں اجلاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ خطرناک حالات میں امت مسلمہ کے لیے وحدت اسلامی ایک ضرورت بن چکی ہے۔
انہوں نے 1500 ویں سالگرہ ولادت رسول اکرم ﷺ کے موقع پر وحدت کانفرنس کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ: سالگرہ میلادِ رسول اکرم ﷺ بذاتِ خود امت کے اتحاد کا ذریعہ ہے، اور اس بات پر سب کا اتفاق ہے۔ امتِ مسلمہ اسی بابرکت میلاد کے صدقے وجود میں آئی اور آج تک اپنا سفر جاری رکھے ہوئے ہے۔ اب جبکہ ہم رسول اکرم ﷺ کی ولادت کے ڈیڑھ ہزار سال مکمل ہونے کے موقع پر کھڑے ہیں، ضروری ہے کہ اس مناسبت سے امت متحد ہو اور اسے وحدتِ کلمہ کا ذریعہ بنایا جائے۔
الآلوسی نے مزید کہا کہ آج امت اسلامیہ بڑے خطرات سے دوچار ہے اور دشمنوں کی سازشوں کا سامنا کر رہی ہے۔ غزہ اور فلسطین کا مسئلہ مسلمانوں کی وحدت کا متقاضی ہے، اس لیے وحدت اسلامی اب محض ایک نظریہ نہیں بلکہ امت کے حالات کے پیش نظر ایک ناگزیر ضرورت ہے۔
سوال کے جواب میں کہ ہم کس طرح سیرتِ نبوی کو اپنی روزمرہ زندگی میں نافذ کرسکتے ہیں؟، انہوں نے کہا: "سیرت رسول اکرم ﷺ انسان ساز ہے۔ آپ ﷺ اس لیے مبعوث ہوئے تاکہ انسان کو اس کی اصل انسانیت تک پہنچائیں۔ لہٰذا امتِ مسلمہ کو چاہئے کہ رسول اکرم ﷺ کی ولادت باسعادت کے پرنور موقع پر سیرت نبوی کو دوبارہ پڑھیں اور اسے کمالِ انسانی کے ایک نمونے کے طور پر دیگر اقوام کے سامنے پیش کریں۔/