عمان میں سلطان قابوس قرآنی مقابلوں کے ابتدائی مرحلے کا آغاز

IQNA

عمان میں سلطان قابوس قرآنی مقابلوں کے ابتدائی مرحلے کا آغاز

5:51 - September 24, 2025
خبر کا کوڈ: 3519209
ایکنا: سلطان قابوس قرآنی مقابلوں کے 33ویں دور کے ابتدائی مرحلے کا آغاز عمان کے صوبہ مسقط کے شہر بوشر میں واقع سلطان قابوس جامع مسجد کے ہال میں ہوا۔

ایکنا نیوز - جریدہ عمان کے مطابق، یہ پندرہواں مرحلہ ہے جو 33ویں ایڈیشن کے ابتدائی مقابلوں کے طور پر منعقد کیا جا رہا ہے۔ اس مقابلے کو مرکز عالی ثقافت و علوم سلطان قابوس نے منظم کیا ہے۔ اس مرحلے میں ملک کے مختلف صوبوں سے تقریباً 2800 مرد و خواتین شریک ہیں۔ ان میں سے صرف صوبہ مسقط کے چار مراکز ـ العمارات، سیب، بوشر اور القریات ـ سے 734 شرکاء شامل ہیں۔

بوشر میں منعقدہ پہلے روز کے مقابلوں میں شدید مقابلہ آرائی دیکھنے کو ملی۔ اس مرحلے میں کل 154 مرد و خواتین پانچ روز تک مسلسل ایک دوسرے سے مقابلہ کریں گے، جو آئندہ جمعرات کو اختتام پذیر ہوگا۔

سعید بن حمید الضویانی، جو ابتدائی اور فائنل کمیٹی کے نائب صدر ہیں، نے عمان نیوز کو بتایا کہ اس سال مقابلے میں پچھلے برسوں کی نسبت کہیں زیادہ شمولیت دیکھنے میں آئی، اور کل 2800 شرکاء نے مختلف شعبوں میں حصہ لیا۔ ان کے مطابق، اس وسیع شرکت کی بنیادی وجوہات میں معاشرے میں حفظِ قرآن کی اہمیت کا بڑھتا ہوا شعور، قرآنی مدارس کی تعداد میں اضافہ اور والدین کی یہ خواہش شامل ہے کہ ان کے بچے ہر عمر میں قرآن کریم کا اجازت نامہ (اجازہ) حاصل کریں۔ انہوں نے والدین کے اس عزم کو سراہا کہ وہ بچپن سے ہی اپنے بچوں کو حافظِ قرآن بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ مقابلہ نہ صرف حفظ اور تلاوت کی مہارتوں کو اجاگر کرتا ہے بلکہ بہت سے شرکاء کو سلطنتِ عمان کی نمائندگی کے لیے علاقائی اور بین الاقوامی مقابلوں کے لیے بھی اہل بناتا ہے۔ اس مقابلے کی کامیابیوں میں سے ایک یہ بھی ہے کہ اس نے کئی ممتاز قراء کو تیار کیا ہے جو مختلف اداروں میں سرگرم ہیں، اور اس کے نتیجے میں ریڈیو اور ٹیلی وژن چینلز کو بھی ترغیب ملی ہے کہ وہ ان فاتح قراء کی تلاوتوں کو ریکارڈ کریں۔/

 

4306615

نظرات بینندگان
captcha