زخمی فلسطینی بچی کا ہسپتال میں حفظ مکمل کرنے کا اعزاز

IQNA

زخمی فلسطینی بچی کا ہسپتال میں حفظ مکمل کرنے کا اعزاز

5:53 - October 04, 2025
خبر کا کوڈ: 3519257
ایکنا: زخمی فلسطینی بچی نے شدید زخموں کے باوجود اسپتال کے بستر پر قرآن حفظ مکمل کر لیا۔

ایکنا نیوز- الجزیرہ نیوز چینل کے مطابق ریم ابو عوده نامی فلسطینی بچی نے خان یونس (غزہ پٹی) میں بمباری اور شدید تباہی کے باوجود، اسپتال کے بستر پر شدید زخموں کے ساتھ پورا قرآن حفظ کرنے میں کامیابی حاصل کر لی۔

ریم نے الجزیرہ سے گفتگو میں کہا کہ قرآن حفظ کرنے کا سفر ایک طرف نہایت حسین اور دوسری طرف بہت مشکل تھا۔ اس نے بتایا کہ اس نے کتابِ خدا کو اپنی شہید ماں کی روح کے لیے ہدیہ کرنے کی نیت سے حفظ مکمل کیا، حالانکہ زخموں کی شدت نے اسے بہت تھکا دیا تھا۔

اس نے مزید کہا: میری خواہش تھی کہ میں قرآن کو 24 اگست، یعنی اپنی ماں کے انتقال کے دن مکمل کروں، لیکن 22 اگست کو میں زخمی ہوگئی، اس لیے بعد میں حفظ مکمل کیا۔ شکر ہے کہ اللہ نے مجھے یہ توفیق عطا کی۔

زخمی ہونے کا واقعہ

ریم نے بتایا کہ وہ ان علاقوں کی طرف گئی تھی جنہیں قابض صہیونی فوج نے محفوظ قرار دیا تھا، لیکن قریب ہی لگے خیمے پر بمباری کی گئی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئی۔ دھماکے کے شعلوں اور شیل کے ٹکڑوں نے اس کے معدے کو زخمی کیا اور اس کا علاج تقریباً ایک ماہ جاری رہا۔

بہن کی گواہی اور حوصلہ

ریم کی بہن صفا ابو عوده نے بتایا کہ ریم نے اسپتال کے بستر پر ہی قرآن مکمل حفظ کیا۔ وہ کہتی ہیں: ریم جب بستر پر تلاوت کر رہی تھی تو ڈاکٹروں کو اس کی قوت اور ثابت قدمی دیکھ کر حیرت ہوتی تھی۔

ریم نے اپنی بہن صفا کو اپنا سب سے بڑا سہارا اور زندگی کا محور قرار دیتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔ اس نے کہا کہ وہ اس ماہ اپنے ہائی اسکول کے امتحانات کی تیاری کر رہی ہے اور قرآن ہی اس کے لیے اس وحشیانہ جنگ میں استقامت کا سب سے بڑا محرک رہا ہے۔

اعزاز اور تجلیل

اس کی استقامت اور محنت کے اعتراف میں ریم کو غزہ کے مرکز حبیب محمد میں خصوصی طور پر خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔/

 

4308427

نظرات بینندگان
captcha