ایکنا نیوز- ڈیلی پاکستان کے مطابق بوکو حرام کے سربراہ ابوبکرشیکاﺅنے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے جاری کر دہ آڈیو پیغام میں یہ اعلان کیا ہے کہ وہ اب دولت اسلامیہ کے ساتھ ہیں تاہم اس آڈیو پیغام کی ابھی تک تصدیق نہیں ہو سکی ۔
اس سے قبل بھی پاکستان اور افغانستان میں چند شدت پسند رہنما بھی داعش میں شامل ہونے کا اعلان کر چکے ہیں ۔اس سے قبل بھی ابو بکر شیکاﺅ نے داعش کے سربراہ ابوبکر البغدادی کو خلیفہ مخاطب کر کے کیا تھا اورانہوں نے القاعدہ کے ایمن اظواہری کی بھی تعریف کی تھی تاہم بوکو حرام کے سربراہ نے ان میں سے کسی کے بھی ساتھ وفاداری نبھانے کا اعلان نہیں کیاتھا۔بوکوحرام اسلام کے ایسے سخت نظریات کی پیروی کرتاہے جو مسلمانوں کی کسی بھی قسم کی مغربی طرز کی سیاسی معاشرتی سرگرمیوں میں حصہ لینے اور ٹی شرٹس وغیرہ پہننے کے سخت خلاف ہے۔شدت پسند تنظیم بوکوحرام نے افریقہ میں وحشیانہ بغاوت شروع کر رکھی ہے اور ساتھ ہی پڑوسی ملک میں کیمرون میں بھی سرحد پر نیا محاذ کھول رکھاہے جس کے باعث خیال کیا جا رہاہے کہ شمال مغرب میں جاری شورش سے پیدا ہونے والے انسانی بحران سے تقریباً 30لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں۔