کوئٹہ؛ سی ٹی ڈی کی مستونگ کارروائی میں 9 مبینہ دہشت گرد ہلاک

IQNA

کوئٹہ؛ سی ٹی ڈی کی مستونگ کارروائی میں 9 مبینہ دہشت گرد ہلاک

9:04 - October 23, 2021
خبر کا کوڈ: 3510491
اسپشل فورس نے ضلع مستونگ میں کارروائی کرتے ہوئے 9 مبینہ شدت پسند دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق مستونگ کے علاقے روشی میں محکمے نے آپریشن کیا اور فائرنگ کے تبادلے میں 9 مبینہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

انہوں نے کہا کہ کالعدم تنظیم کے زیر استعمال یہ کیمپ دہشت گردی کے حالیہ مختلف واقعات میں استعمال ہوا اور اس سے اسلحہ و گولہ بارود برآمد ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ برآمد شدہ اسلحے میں 9 کلاشنکوف، 20 کلوگرام دھماکا خیز مواد، پرائما کارڈ، ڈیٹونیٹرز اور آر پی جی راکٹ بمعہ دو گولے شامل ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ کچھ سالوں کے دوران صوبہ بلوچستان میں مختلف دہشت گرد تنظیموں کی جانب سے کارروائیوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے جبکہ ان کی کارروائیوں کے جواب میں ملک کی سیکیورٹی فورسز نے آپریشنز کرکے ان کی بیخ کنی کی کوشش کی ہے۔

ان حملوں اور اس کے جواب میں کی جانے والی سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں سیکڑوں سیکیورٹی فورسز اہلکار و افسران اور شہری شہید جبکہ ایک بڑی تعداد میں دہشت گرد ہلاک و گرفتار کیے جا چکے ہیں۔

رواں سال 26 ستمبر کو سی ٹی ڈی نے کارروائی کے دوران داعش کے کمانڈر ممتاز احمد عرف پہلوان کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

صوبائی حکومت نے ممتاز احمد کے سر کی قیمت 2 لاکھ روپے مقرر کر رکھی تھی۔

نظرات بینندگان
captcha