غزہ میں قیامت کا منظر ہے اور دنیا محو تماشا

IQNA

غزہ میں قیامت کا منظر ہے اور دنیا محو تماشا

9:44 - October 18, 2023
خبر کا کوڈ: 3515130
اہل دل اس قیامت خیز واقعات پر درد دل اشعار کی شکل میں پیش کرسکتے ہیں۔

بچّہ ہے، اس کو یُوں نہ اکیلے کفن میں ڈال
ایک آدھ گُڑیا، چند کھلونے کفن میں ڈال

نازک ہے کونپلوں کی طرح میرا شِیرخوار
سردی بڑی شدید ہے، دُہرے کفن میں ڈال

کپڑے اِسے پسند نہیں ہیں کُھلے کُھلے
چھوٹی سی لاش ہے، اِسے چھوٹے کفن میں ڈال

دفنا اِسے حُسَین کے غم میں لپیٹ کر
یہ کربلائی ہے، اِسے کالے کفن میں ڈال

ننّھا سا ہے یہ پاؤں، وہ چھوٹا سا ہاتھ ہے
میرے جگر کے ٹکڑے کے، ٹکڑے کفن میں ڈال

مُجھ کو بھی گاڑ دے مرے لختِ جگر کے ساتھ
سینے پہ میرے رکھ اِسے، میرے کفن میں ڈال

ڈرتا بہت ہے کیڑے مکوڑوں سے اِس کا دل
کاغذ پہ لکھ یہ بات اور اِس کے کفن میں ڈال

مٹی میں کھیلنے سے لُتھڑ جائے گا سفید
نیلا سجے گا اِس پہ، سو نیلے کفن میں ڈال

عیسٰی کی طرح آج کوئی معجزہ دکھا
یہ پھر سے جی اُٹھے، اِسے ایسے کفن میں ڈال

سوتا نہیں ہے یہ مری آغوش کے بغیر
فارس ! مُجھے بھی کاٹ کے اِس کے کفن میں ڈال

شاعر۔رحمان فارس

انتخاب،
امتیازاحمدقاسمی

ٹیگس: غزہ ، بچے
نظرات بینندگان
captcha