پاپ فرانسیس 88 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

IQNA

پاپ فرانسیس 88 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

4:54 - April 22, 2025
خبر کا کوڈ: 3518360
ایکنا: ویٹکن کے مطابق کھیتولک دنیا کے رہنما پاپ فرانسیس دار فانی سے رخصت ہوگئے۔

ایکنا نے اسکائی نیوز کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ ویٹی کن نے اعلان کیا ہے کہ پاپ فرانسیس، دنیا بھر کے کیتھولک عیسائیوں کے رہنما، جو کافی عرصے سے بیماری میں مبتلا تھے، آج پیر کو 88 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔

پاپ فرانسیس، جو روم کے بشپ اور کیتھولک چرچ کے سربراہ تھے، سن 2013 میں پاپ بینیڈکٹ شانزدہم کے استعفے کے بعد پاپ بنے۔ وہ امریکہ کے براعظم سے تعلق رکھنے والے پہلے پاپ، یسوعی فرقے سے تعلق رکھنے والے پہلے رکن اور آٹھویں صدی میں پاپ گریگوری سوم کے بعد پہلے غیر یورپی پاپ تھے۔

پاپ فرانسیس، جن کا اصل نام "خورخے ماریو برگولیو" تھا، 17 دسمبر 1936 کو بوئنوس آئرس، ارجنٹائن میں ایک اطالوی نژاد خاندان میں پیدا ہوئے۔ وہ 1998 سے بوئنوس آئرس کے آرچ بشپ رہے اور 2001 میں پاپ جان پال دوم نے انہیں کارڈینل مقرر کیا۔

پاپ فرانسیس سادگی، سماجی انصاف پر زور اور غریبوں کی حمایت کے حوالے سے مشہور تھے۔ وہ ویٹی کن کے محل میں رہنے کے بجائے ایک سادہ گھر میں رہائش پذیر تھے اور ارجنٹائن میں عموماً عوامی ٹرانسپورٹ کا استعمال کرتے تھے۔

سن 2016 میں، انہوں نے ایک پناہ گزین مرکز میں مختلف مذاہب کے پناہ گزینوں کے پاؤں دھوئے، جو ان کی عاجزی کی علامت سمجھا گیا۔ انہوں نے موسمیاتی تبدیلی، دولت کی ناہمواری اور کیتھولک چرچ میں خواتین کے کردار جیسے کئی عالمی مسائل پر کھل کر اظہارِ خیال کیا۔

پاپ فرانسیس کی آخری تقریر عیدِ پاک کے موقع پر 20 اپریل 2025 کو ہوئی، جس میں انہوں نے دنیا بھر میں امن، اسلحہ کے خاتمے اور قیدیوں کی رہائی کی اپیل کی۔ انہوں نے غزہ میں جنگ بندی، قیدیوں کی آزادی، انسانی امداد کی فراہمی، یوکرین، جنوبی قفقاز، مغربی بلقان، افریقہ (خصوصاً سوڈان، کانگو، اور ساحل) میں مذہبی آزادی اور میانمار میں مفاہمت کی اپیل کی۔

گزشتہ برسوں میں وہ کئی بار اسپتال میں داخل ہوئے۔ 14 فروری (26 بہمن) کو وہ برونکائٹس کے علاج کے لیے اسپتال گئے تھے، اور اپنی زندگی کے آخری ہفتے روم کے جملی اسپتال میں نمونیا اور سانس کی تکالیف کے باعث گزارے۔

غزہ کے بارے میں پاپ کا مؤقف:

پاپ فرانسیس نے اپنی پاپائی مدت کے دوران بارہا جنگ، بھوک اور غربت کے شکار لوگوں کی حمایت کی، جس کی بنیاد پر کئی لوگ انہیں "پاپ آف دی پیپل" (عوام کا پاپ) کہتے تھے۔

انہوں نے کئی مواقع پر غزہ میں جنگ کے خاتمے اور صہیونی جرائم کو روکنے کا مطالبہ کیا۔ گزشتہ سال اسرائیل کی جانب سے غزہ میں جاری مظالم کے دوران، انہوں نے وہاں کی انسانی صورتِ حال کو "انتہائی خطرناک اور شرمناک" قرار دیا تھا۔/

 

4277597

نظرات بینندگان
captcha