طاروطی؛ قراء کی تلاوت امید افزاء ہے

IQNA

طاروطی؛ قراء کی تلاوت امید افزاء ہے

6:56 - September 17, 2025
خبر کا کوڈ: 3519168
ایکنا: مصر میں منعقدہ قرآنی مقابلے "حکومت تلاوت" کے ججوں کی کمیٹی کے رکن نے اس مقابلے کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ یہ تقریب ایسے قاریوں کی شرکت سے منعقد ہوئی ہے جن کی تلاوتیں قوی اور امید افزا ہیں۔

ایکنا نیوز- الیوم السابع نیوز کے مطابق، شیخ عبدالفتاح طاروطی، جو مصر کے معروف قاری ہیں، نے کہا کہ اس مقابلے کے دوسرے مرحلے میں شریک تمام افراد حقیقی معنوں میں کامیاب ہیں، کیونکہ انہوں نے تجربہ حاصل کیا اور ججوں سے براہِ راست استفادہ کیا، چاہے وہ فائنل مرحلے تک نہ بھی پہنچ سکے ہوں۔

انہوں نے مرحلے کے اختتامی دن بات کرتے ہوئے مزید کہا کہ اس سال ایسے باصلاحیت قاری موجود ہیں جن کی آواز مضبوط اور مستقبل روشن ہے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ کئی برسوں کے بعد کسی ایک مقابلے میں اتنی بڑی تعداد میں قاری شریک ہوئے ہیں اور یہ سب حمایت کے مستحق ہیں۔

طاروطی نے زور دیا کہ مصر کی وزارتِ اوقاف نے وزیر اسامہ الازهری کی مدد سے ان نوخیز صلاحیتوں کے لیے حقیقی تعلیمی و تربیتی ماحول فراہم کیا ہے تاکہ ایک نئی نسل سامنے آئے جو اس مشن کو آگے بڑھائے۔

انہوں نے اس الزام کی تردید کی کہ انہوں نے بعض شرکاء کی تلاوت کے دوران مداخلت کی۔ ان کا کہنا تھا: ہم کسی کی تلاوت بلاوجہ نہیں روکتے۔ بعض اوقات غلطی کی اصلاح یا وقت بچانے کے لیے مداخلت کرتے ہیں۔ یہ ججوں کا کردار ہے تاکہ معیار اور انصاف قائم رہے۔

انہوں نے کہا کہ بہترین شرکاء کا انتخاب نہایت دقت کے ساتھ ہونا چاہیے، کیونکہ وہ مستقبل میں ریڈیو مصر پر تلاوت کریں گے اور ایک تجربہ کار قاری کے لیے چھوٹی سے چھوٹی غلطی بھی مناسب نہیں ہے۔

طاروطی نے مزید کہا کہ وہ ذاتی طور پر پرجوش ہیں کہ دیکھیں فائنل میں کون فاتح بنتا ہے اور انہوں نے سب شرکاء کے لیے کامیابی کی دعا کی۔

قابلِ ذکر ہے کہ وزارتِ اوقاف مصر نے میڈیا کمپنی "المتحدہ" کے تعاون سے ملک کا سب سے بڑا ٹی وی پروگرام "دولت تلاوت" شروع کیا ہے، جو قرآنی صلاحیتوں کو تلاش کرنے اور سامنے لانے کا مقصد رکھتا ہے۔

یہ پروگرام نئے مصری قراء کو متعارف کرانے کی کوشش ہے جو عبدالباسط، منشاوی اور مصطفی اسماعیل جیسے عظیم قراء کے انداز میں اپنی قراءت پیش کرتے ہیں۔ ساتھ ہی اس کا مقصد ان نوخیز صلاحیتوں کی مدد کرنا ہے تاکہ مصر کا علاقائی اور عالمی کردار قرآن کی ترویج میں مزید مضبوط ہو۔

اس مقابلے میں چار ہزار سے زائد شرکاء شریک ہوئے، جن میں سے ۶ سے ۱۱ ستمبر ۲۰۲۵ تک ۳۰۰ افراد کے ساتھ ابتدائی مرکزی مرحلہ منعقد کیا گیا۔

مزید برآں، ۲۸ فائنلسٹ کو ۲۵ ستمبر کو کیمروں کے سامنے پیشی اور تلاوتی تربیت دی جائے گی اور پھر حتمی مرحلہ اکتوبر ۲۰۲۵ میں منعقد ہوگا۔/

 

4305138

ٹیگس: مصر ، تلاوت ، مقابلے ، امید
نظرات بینندگان
captcha