ایکنا نیوز، "الیوم السابع" نیوز کے مطابق "حبیب الرحمان" قرآنی مقابلے 31 اکتوبر سے 3 نومبر کو باتلی، انگلینڈ میں آن لائن اور فیزیکلی طور پر منعقد ہوئے۔
یہ مقابلے تین حصوں پر مشتمل تھے: حفظ، قرات، اور تلاوت کی سات مختلف قراتیں۔ حفظ کا حصہ مختلف درجات میں تقسیم تھا، جن میں ایک سے پانچ پارے، ایک سے دس پارے، ایک سے بیس پارے اور مکمل قرآن کا حفظ شامل تھا۔
مکمل حفظ کے شعبے میں برطانیہ سے تعلق رکھنے والے الیاس ملا نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ قراءت کی سات اقسام میں، نائجیریا کے 17 سالہ بخاری سنوسی ادریس نے پہلی پوزیشن حاصل کی، الجزائر کے عبدالرحمان طائوش دوسرے اور امارات کے عبدالرشید تیسرے نمبر پر رہے۔
قرات کے حصے میں، 23 سالہ مصری قاری احمد السید الغیطانی نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ احمد السید کا تعلق مصر کے دمیاط صوبے سے ہے۔ انہوں نے مختلف ممالک سے شامل ہونے والے شرکاء جیسے کہ اسپین، مراکش، برطانیہ، انڈونیشیا، الجزائر، بنگلہ دیش، اور پاکستان میں نمایاں کارکردگی دکھاتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی۔
احمد السید نے ان مقابلوں کے بارے میں کہا: "یہ مقابلے ایک ماہ تک جاری رہے، جن میں 20 ممالک کے نمائندوں نے حصہ لیا۔ ابتدا میں 13 قاری شامل تھے، جن میں سے آخر میں 10 قاری فائنل مرحلے میں پہنچے۔ انہوں نے مزید کہا: "الحمدللہ، میں بہت خوش ہوں کہ میں اپنے ملک مصر کو سربلند کر سکا اور پہلی پوزیشن حاصل کی۔
وہ ایک ایسے خاندان میں پیدا ہوئے جہاں سب حافظ قرآن ہیں۔ انہوں نے 5 سال کی عمر سے قرآن حفظ کرنا شروع کیا۔ انہوں نے مزید بتایا: میرے والد بھی حافظ قرآن ہیں اور ریڈیو قرآن کریم پر کام کرتے ہیں۔ انہوں نے مجھے ترغیب دی اور میں نے ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے قرآن حفظ کیا۔ میری پہلی قرات گزشتہ سال ستمبر میں ریڈیو قرآن مصر سے نشر ہوئی۔
احمد السید مصر میں ریڈیو قرآن کریم کے سب سے کم عمر قاری سمجھے جاتے ہیں۔ انہوں نے چار سال کے سخت امتحانات پاس کیے جس کے بعد ان کی رکنیت ریڈیو قرآن کریم مصر میں منظور ہوئی۔/
4246435