ٹرمپ کے گرین سگنل کے بعد غزہ پر اسرائیل کا بڑا ممکنہ حملہ

IQNA

ٹرمپ کے گرین سگنل کے بعد غزہ پر اسرائیل کا بڑا ممکنہ حملہ

6:02 - August 06, 2025
خبر کا کوڈ: 3518942
ایکنا: ذرائع ابلاغ نے اطلاع دی ہے کہ صیہونی حکومت کے وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو نوار غزہ پر مکمل قبضے اور فوجی کارروائیوں کے دائرہ کار کو وسعت دینے کا ارادہ رکھتا ہے۔

ایکنا نیوز- الجزیرہ نیوز چینل کے مطابق نیتن یاہو نے یہ منصوبہ امریکی سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی " گرین سگنل" حمایت کے بعد پیش کیا ہے، تاہم اسرائیلی فوج اور اسرائیلی اسیران کے اہل خانہ نے اس منصوبے کی شدید مخالفت کی ہے۔

آج منگل کے روز اسرائیلی حکومت کی سیکیورٹی کابینہ کا اجلاس متوقع ہے جس میں نوار غزہ میں فوجی آپریشن کی توسیع پر فیصلہ ہوگا۔ یہ اجلاس ایسے وقت میں بلایا جا رہا ہے جب متعدد ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ نیتن یاہو، سیکیورٹی اداروں کی مخالفت کے باوجود، ٹرمپ کی تائید کی بنیاد پر غزہ پر مکمل قبضے کا فیصلہ کرنے والے ہیں۔

اسی تناظر میں اسرائیلی ریڈیو اور ٹیلی ویژن نے ایک سیکیورٹی ذریعے کے حوالے سے بتایا ہے کہ تل ابیب نے جنگ بندی معاہدے کو سبوتاژ کیا ہے، اور حماس کے ساتھ جاری مذاکرات جو ایک معاہدے کے قریب تھے، اب مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں، اور کسی معاہدے کا امکان باقی نہیں رہا۔

اسرائیلی اخبار "اسرائیل ہیوم" نے بھی ایک اعلیٰ سیاسی ذریعے کے حوالے سے لکھا ہے کہ نیتن یاہو کی جانب سے اب تک غزہ کے باقی علاقوں پر حملے کا حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا، تاہم اس منصوبے کی حمایت میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔

دوسری جانب، اسرائیلی فوج کے چیف آف اسٹاف، ایال زمیر کے قریبی ذرائع نے بتایا ہے کہ وہ غزہ پر مکمل قبضے کے خلاف ہیں۔ وہ فوجی جانی نقصان اور اسیران کے مستقبل کے حوالے سے سخت تشویش رکھتے ہیں اور خبردار کیا ہے کہ اگر یہ منصوبہ نافذ کیا گیا تو وہ استعفیٰ دے دیں گے۔

اسی طرح، اسیران کے اہل خانہ نے بھی شدید مخالفت کا اظہار کیا ہے۔ اسرائیلی چینل 12 سے گفتگو کرتے ہوئے کچھ خاندانوں نے کہا کہ "غزہ پر حملہ دراصل اسیران کو کھو دینے اور فوجیوں میں مزید جانی نقصان کا سبب بنے گا۔" انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت جان بوجھ کر اسیران کی رہائی کے معاہدوں کو ناکام بنا رہی ہے اور عوام کو گمراہ کر رہی ہے۔/

 

4298362

ٹیگس: ٹرمپ ، اسرائیل ، غزہ
نظرات بینندگان
captcha