300 سے زائد مدارس دہشتگردی میں ملوث ہیں، خواجہ آصف

IQNA

300 سے زائد مدارس دہشتگردی میں ملوث ہیں، خواجہ آصف

16:01 - May 20, 2015
خبر کا کوڈ: 3305984
بین الاقوامی گروپ:قومی اسمبلی میں خطاب کے دوران وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ دہشتگردی میں ملوث مدرسوں کی تعداد کُل مدارس کا تین سے چار فیصد بنتی ہے۔ انکا کہنا تھا کہ ماضی کی حکومتوں کے غلط فیصلوں کے نتائج آج بھگتنے پڑ رہے ہیں

ایکنا نیوز- اسلام ٹائمز۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ تین سے چار فیصد مدارس دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اٹھائیس ہزار میں سے تین سو سے زائد مدارس کے دہشت گردی میں ملوث ہونے کے ثبوت ملے ہیں۔ خواجہ آصف نے یہ بات قومی اسمبلی میں خطاب کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی میں ملوث مدرسوں کی تعداد کُل مدارس کا تین سے چار فیصد بنتی ہے۔ وزیر دفاع نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں کے غلط فیصلوں کے نتائج آج بھگتنے پڑ رہے ہیں۔ خواجہ آصف نے ایوان کو بتایا کہ وزیر اطلاعات پرویز رشید نے دہشت گردی میں ملوث مدارس کی بات کی تھی لیکن اس بیان کا غلط مطلب لیا گیا۔

دیگر ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر اطلاعات پرویز رشید کے مدارس سے متعلق متنازع بیان کے بعد ان کے دفاع کے لئے میدان میں اتر آئے ہیں۔ پرویز رشید نے گذشتہ دنوں کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مدارس کو ’’جہالت کے مراکز‘‘ قرار دیا تھا، جس پر ان کے خلاف شدید احتجاج اور وفاقی دارالحکومت میں بینرز بھی آویزاں کئے گئے۔ ریڈیو پاکستان کی ایک رپورٹ کے مطابق منگل کو قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پرویز رشید نے محض چند مدرسوں کے بارے میں کہا تھا کہ ان کے دہشت گردی میں ملوث ہونے کے ثبوت ملے ہیں۔

461890

نظرات بینندگان
captcha