حضرت علی علیہ السلام کے یوم شہادت پر پورا ایران سوگوار

IQNA

حضرت علی علیہ السلام کے یوم شہادت پر پورا ایران سوگوار

15:01 - July 08, 2015
خبر کا کوڈ: 3325845
بین الاقوامی گروپ:امیرالمومنین حضرت علی ابن ابیطالب علیہ السلام کے یوم شہادت کی مناسبت سے پورا ایران سوگوار ہے/ پاکستان میں کل یوم شہادت منایا جارہا ہے

ایکنا نیوز- ایران ریڈیو-مولائے کائنات حضرت علی ابن ابیطالب علیہ السلام کے یوم شہادت پر پورا اسلامی جمہوریہ ایران سیاہ پوش اور سوگوار و عزادار ہے اور تمام چھوٹے بڑے شہروں میں جلوسہائے عزاء برآمد کئے جارہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ایران سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں اکیسویں ماہ رمضان کی شب قدر کے اعمال بجا لائے گئے اور مولائے کائنات حضرت علی ابن ابیطالب علیہ السلام کی شہادت کی مناسبت سے مجالس عزاءکا سلسلہ جاری ہے۔ اس سلسلے میں مشہد مقدس میں حضرت امام رضا علیہ السلام کے حرم مطہر، قم میں حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا اور تہران اور ایران کے تمام مقدس مقامات اور امام زادوں کے روضوں میں عظیم اجتماعات کا انعقاد کیا گیا اور سوگواروں نے اعمال شب قدر کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ مولائے متقیان کی شہادت کے موقع پر گریہ و زاری اور سینہ زنی بھی کی اور یہ سلسلہ بدھ کو دن بھر جاری رہے گا ۔ ادھر عراق کے مقدس شہر نجف اشرف میں لاکھوں کی تعداد میں زائرین مولائے کائنات کے حرم مطہر میں نوحہ و ماتم اور عزاداری میں مشغول ہیں- جبکہ ہندوستان اور پاکستان میں بھی انیسویں رمضان المبارک، شب ضربت سے ہی مجلس و ماتم کا سلسلہ جاری ہے-

اکیس رمضان المبارک سنہ چالیس ہجری قمری کو مولائے متقیان حضرت علی ابن ابیطالب علیہ السلام نماز صبح کے وقت شہید ہو گئے اس سے دو روز قبل مسجد کوفہ میں جس وقت آپ حالت نماز میں تھے ابن ملجم مرادی نے زہر میں بجھی ہوئی تلوار سے آپ کے فرق مبارک پر وار کیا جس سے آپ کا سر مبارک پارہ ہو گیا اور پھر آپ زخموں کی تاب نہ لا کر اکیس رمضان المبارک کی صبح شہید ہو گئے۔ اور اس طرح آپ شہادت کے اس عظیم درجے پر فائز ہوئے کہ جس کی آرزو آپ ہمیشہ کیا کرتے تھے- اس شہادت سے اسلام اور مسلمانوں کو ناقابل تلافی نقصان اٹھانا پڑا- لیکن صدیاں گذرجانے کے باوجود راہ حق و حقیت کے شیدائیوں کے لئے آج بھی آپ کا طرز زندگی، طرز حکومت اور اسی طرح آپ کے گرانبہا ارشادات و کلمات مشعل راہ ہیں- 

72166

ٹیگس: امام ، علی ، شہادت ، سوگ
نظرات بینندگان
captcha