ایکنا نیوز- البوابة نیوز کے مطابق، یہ فن پارہ قرآنی میوزیم میں پیش کیا گیا ہے اور اس میوزیم کی ان گنی چنی اور ممتاز ترین فنکارانہ تخلیقات میں شمار ہوتا ہے جو بڑے سائز میں سورۂ حمد اور سورۂ بقرہ کی ابتدائی آیات پر مشتمل ہے۔
یہ شاہکار ایک ملین سے زائد رنگین میناکاری شدہ ٹکڑوں سے تیار کیا گیا ہے اور اس کا کل رقبہ 76.67 مربع میٹر ہے۔
یہ فن پارہ ایک نادر اسلامی شاہکار شمار کیا جاتا ہے، جس کی بنیاد ایک نایاب قرآنی نسخے پر ہے جسے مشہور خوشنویس مصطفیٰ ذوالفقار نے سن 1066 ہجری (1656 عیسوی) میں خط نسخ میں 29 در 19 سینٹی میٹر کے سائز میں کتابت کیا تھا۔ اس قدیمی نسخے کو اس وقت ملک عبدالعزیز کے وقف کتب خانوں کے مجمع میں مدینہ منورہ میں محفوظ کیا گیا ہے۔
میوزہ قرآن میں پیش کیا گیا یہ فن پارہ اسلامی معرق کاری کا شاہکار ہے، جو رنگ برنگے اور چھوٹے مکعبات کو ترتیب دے کر مکمل فن پارہ تیار کرنے کے فن کو ظاہر کرتا ہے۔
مکہ مکرمہ کے حراء کلچرل ویلیج میں واقع یہ میوزیم اسلامی تمدن اور مکہ کی اسلامی ثقافت کا آئینہ دار ہے۔ یہ مکہ مکرمہ کا پہلا تخصصی میوزہ قرآن کریم ہے، جو کوہِ حراء کے قریب واقع ہے۔
یہ میوزیم نایاب قرآنی نسخوں اور مختلف اسلامی ادوار سے تعلق رکھنے والے تاریخی مخطوطات کو بھی محفوظ کیے ہوئے ہے، جو مختلف خطوں میں تحریر کیے گئے ہیں۔
میوزیم میں قرآن کریم کی کتابت کی ترقی کا منظرنامہ ظاہر کرنے والے تعلیمی ماڈلز موجود ہیں، اور زائرین کو قرآن عظیم کی شان سے متعارف کروانے کے لیے جدید تعاملی ٹیکنالوجی کا بھی استعمال کیا جاتا ہے۔
اسی طرح، قرآن میوزیم مکہ میں بصری ڈسپلے بھی موجود ہیں جو مختلف ادوار میں قرآن کریم کے جمع و تدوین کی تاریخ کو زائرین کے سامنے پیش کرتے ہیں۔/
4298145