شام: مسجد میں دھماکا،'باغی گروپ' کے 25 رکن ہلاک

IQNA

شام: مسجد میں دھماکا،'باغی گروپ' کے 25 رکن ہلاک

14:59 - July 04, 2015
خبر کا کوڈ: 3323051
بین الاقوامی گروپ:جنوبی شام کی ایک مسجد میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں شامی القاعدہ سے تعلق رکھنے والے النصرت فرنٹ کے 25 'باغی' ہلاک ہوگئے، جن میں تنظیم کا ایک اہم رہنما بھی شامل ہے

ایکنا نیوز-ڈان نیوز کے مطابق شام میں انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے آبزرویٹری گروپ کے ڈائریکٹر رامی عبدالرحمٰن کے حوالے سے لکھا ہے کہ جمعے کی شام صوبہ ادلب کے شہر اریحا میں افطار کے بعد اُس وقت زوردار دھماکا ہوا، جب مسجد میں نمازِ مغرب ادا کی جارہی تھی۔

رامی عبدالرحمٰن کے مطابق واقعے میں مزید ہلاکتوں کا بھی خدشہ ہے کیوں کہ دھماکے کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

برطانوی آبزرویٹری گروپ کے مطابق "النصرت گروپ کے اہم رہنما سمیت 25 اراکین صوبہ ادلب کی مسجد میں دھماکے کے نتیجے میں ہلاک ہوئے"۔

تاہم ابھی تک دھماکے کی نوعیت کا تعین نہیں کیا جاسکا۔

شامی انقلاب کے جنرل کمیشن نامی ایک سرگرم گروپ کاکہنا ہے کہ "النصرت فرنٹ کے اراکین سمیت سینکڑوں مسلمان اریحا کی ایک مسجد میں افطار کے بعد نمازِ مغرب کے لیے جمع تھے کہ دھماکا ہوا"۔

گروپ کے مطابق اس دھماکے کے نتیجے میں عام شہری بھی ہلاک ہوئے ہیں تاہم اس حوالے سے مزید معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔

واضح رہے کہ صوبہ ادلب کے زیادہ تر حصے پر باغیوں کا قبضہ ہے جنھوں نے حکومتی فورسز کویہاں سے بے دخل کرنے کے لیے اپوزیشن گروپ النصرت فرنٹ کے ساتھ الحاق قائم کررکھا ہے۔

1023410

ٹیگس: شام ، مسجد ، ہلاک ، دھماکہ
نظرات بینندگان
captcha