ایکنا نیوز- سحرٹی وی-یمن کے المسیرہ ٹی وی نے خبر دی ہے کہ یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے اہلکاروں نے صوبہ مآرب میں صافر فوجی اڈے کو میزائل حملے کا نشانہ بنایا۔ ابتدائی رپورٹوں کے مطابق اس حملے میں چھیاسی جارح فوجی ہلاک ہوگئے ہیں۔ اس حملے میں جارح فوجیوں کے متعدد اعلی فوجی افسر بھی ہلاک ہوئے ہیں۔ صوبہ مآرب میں واقع فوجی اڈے صافر پر حملے میں جارحین کے آٹھ آپاچی ہیلی کاپٹر، دو چینوک ٹرانسپورٹ ہیلی کاپٹر اور متعدد ٹینک بھی تباہ ہو گئے۔
یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے اس سے قبل جارح فوجیوں کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی اور حملے جاری رہنے کی مذمت کرتے ہوئے جارح فوجیوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کے بارے میں خبردار کیا تھا۔ دریں اثنا کے یمن کے ذرائع نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے لڑاکا طیاروں نے ہفتے اور اتوار کی درمیانی رات صوبہ صنعا میں واقع ہمدان چھاؤنی کے مضافاتی علاقے پر بمباری کی جس سے رہائشی علاقوں کو نقصان پہنچا ہے۔